سوئٹزر لینڈ جیسے پُر امن اور خوشحال ملک سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی جسے جان کر ہر شخص تکلیف میں مبتلا ہوجائے۔
تفصیلات کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں موجود ایک فیملی کے 6 ارکان نے اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوا جبکہ باقی 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور بتایا کہ ایک فرانسیسی خاندان نے سازشی نظریات کی زد میں آکر سوئس ٹاؤن مونٹریکس میں موجود اپنے اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل سے یکے بعد دیگرے چھلانگ لگائی۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس واقعے میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت کا امکان ظاہر نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والی فیملی میں ایک شخص جس کی عمر 40 سال تھی، 41 سالہ اہلیہ، ان کی جڑواں بہن، جوڑے کی 8 سالہ بیٹی اور ان کا لڑکا شامل ہے جو ذرائع کے مطابق اس وقت کومہ کی حالت میں ہے۔