دیوار سے لگایا گیا تو چپ نہیں رہوں گا، سب بتا دوں گا: عمران خان

image
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو چپ نہیں رہوں گا سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا۔‘

منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اس لیے خاموش ہیں کہ ملک کو نقصان نہ پہنچے۔

 ان کے مطابق ’مجھے سب پتا ہے کہ کس نے کیا کِیا ہے۔‘

انہوں نے اداروں اور عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ  یہ فیصلہ کن وقت ہے، ملک بچانے کے لیے آگے آئیں۔

عمران خان نے ایک بار پھر مبینہ بیرونی سازش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ خوش نہیں تھا پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی سے، اس لیے اس نے یہاں کے میر جعفر اور میر صادق کو ساتھ ملا کر حکومت تبدیل کروائی۔‘

’امریکہ چاہتا تھا پرانا سلسلہ چلتا رہے اور ایک فون پر اس کے احکامات مان لیے جائیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کا پاکستان کو شدید نقصان ہوا اور جمہوری پراسس رک گیا۔

انہوں نے کالم نگار ایاز امیر پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وقت بدل چکا ہے، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، اب انفارمیشن روکی نہیں جا سکتی۔

عمران خان نے ایک دفعہ پھر اپنے بارے میں خطرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ویڈیو بنا رکھی ہے اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ سامنے آئے گی۔‘

عمران خان کے مطابق ’سازش کرنے والوں میں ذہن میں نہیں تھا کہ عوام اس طرح سڑکوں پر نکل آئیں گے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر تحریک انصاف)

انہوں نے حمزہ شہباز کی وزارت اعلٰی کے حوالے سے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس کا فیصلہ جلدی کیوں نہیں آ رہا، ہماری دفعہ تو عدالتیں رات کو کھل جاتی تھیں۔‘

انہوں نے ایک بار پھر سابق صدر آصف علی زرداری اور نواز شریف پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ایک کو 10 پرسنٹ کہا جاتا تھا اور دوسرے کی کرپشن پر برطانوی نشریاتی ادارے نے فلم بھی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ جو مہنگائی کم کرنے آئے تھے انہوں نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

ان کے بقول ’سازش کرنے والوں کے ذہن میں نہیں تھا کہ عوام اس طرح سڑکوں پر نکل آئیں گے، مگر سب نے پریڈ گراؤنڈ کے جلسے میں دیکھا کہ عوام ان کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔‘

عمران خان نے اپنے ووٹروں سے اپیل کی کہ ضمنی انتخابات میں نکلیں اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیں، دھاندلی کے باوجود انہیں شکست دیں گے۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل صاف شفاف عام انتخابات ہیں، اور ہمیں بالآخر انہی کی طرف جانا ہو گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.