31 اگست 1997 کو پیرس میں اپنے دوست کے ساتھ حادثے میں ہلاک ہونے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کی آج 25 ویں برسی منائی جارہی ہے۔
ابتدائی زندگی
ڈیانا فرانسس اسپینسر یکم جولائی 1961 کو پارک ہاؤس، سینڈرنگھم نورفولک میں پیدا ہوئیں۔ اسپینسر خاندان کا برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ کئی نسلوں سے گہرا تعلق رہا ہے۔ ان کی دادی، سنتھیا اسپینسر، کاؤنٹیس اسپینسر اور روتھ روشے، بیرونس فرموئے، ملکہ الزبتھ دی کوئین مدر کیلئے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ڈیانا 29 جولائی 1981 کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی کی اور دوبیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کو جنم دیا۔
ازدواجی زندگی
شہزادی ڈیانا اپنی ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائیں، شہزادہ چارلس اور ڈیانا کی زندگی میں کمیلا پارکر، جیمز گبلی، جیمز ہیوئیٹ اور لیگی بورک جیسے رقیبوں کی وجہ سے 16 سال بعد اگست 1996 میں طلاق ہوگئی۔ ڈیانا نے اپنی ذاتی زندگی کی ناچاکیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کرلیا۔
پر اسرار موت
ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی پوری دنیا کیلئے حیران کن رہی،31 اگست 1997 کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کے ساتھ روانہ ہوئیں تاہم منزل تک نہ پہنچ سکیں کیونکہ ان کی گاڑی ایک خطرناک حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور حادثے میں شہزادی کےساتھ ان کے دوست بھی جان کی بازی ہار گئے۔ ڈیانا کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔
پاکستانی سے شادی
شہزادہ چارلس سے لیڈی ڈیانا کی باضابطہ طور پر طلاق 1996 میں ہوئی تاہم دونوں کئی سال سے ایک دوسرے سے الگ ہوچکے تھے اور اس دوران شہزادی ڈیانا اور پاکستانی نژاد ڈاکٹر حسنات کے درمیان تعلق کی خبریں بھی منظر عام پر آتیں رہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیڈی ڈیانا اور ڈاکٹر حسنات کی پہلی ملاقات 1995 میں رائل برامپٹن ہسپتال میں ہوئی اوریہ بھی اطلاعات ہیں کہ لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات سے شادی کرکے پاکستان میں رہنے کیلئے بھی تیار تھیں اور عمران خان کیلئے فنڈریزنگ مہم کے دوران ڈاکٹر حسنات کے گھر بھی گئی تھیں لیکن مصری دوست دودی الفائد کی وجہ سے شہزادی ڈیانا ڈاکٹر حسنات سے دور ہوگئیں اور دودی الفائد کے ساتھ ہی ایک حادثے میں جان گنوا بیٹھیں۔