کراچی:بارش اور سیلاب کے بعد آسمانوں کو چھونے والے ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں کراچی کی سبزی منڈی میں کریش کرگئیں۔
سبزی منڈی میں اتوار کو پیاز 20 روپے سے 35 روپے فی کلو فروخت ہوئی۔پیر کو اول درجے کی پیاز کا منڈی میں ریٹ 50 روپے اور درجہ دوم کا ریٹ 35 روپے فی کلو ہوگیا۔
افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی پہلی کھیپ جمعہ 2 ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی، ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی بڑے پیمانے پر درآمد سے قیمتیں کم ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان سے پیازاور ٹماٹرکی پہلی کھیپ پاکستان آنے کے بعد ملک بھرمیں سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہوگیا تھا۔
چمن بارڈر کے راستے پیاز اور ٹماٹر سے بھرے درجنوں ٹرک پاکستان میں داخل ہوگئے تھے۔ اس سے قبل پچھلے ہفتے حکومت نے بیرون ملک سے منگوائے گئے ٹماٹر اور پیاز کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔
حالیہ بارشوں کے باعث ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا اور آلو، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت 500 روپے جب کہ پیاز 300 روپے فی کلو تک جا پہنچی تھی۔
حکومت نے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت پر قابو پانے کے لئے بیرون ملک سے منگوانے کا اعلان کیا تھا۔