اینڈریو ٹیٹ: وہ نوجوان لڑکیوں سے پہلی بات یہی کہتے ’تم بہت خوبصورت ہو‘

اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی کس طرح بظاہر پہلے سے بنائی گئی منصوبہ بندی سے نوجوان لڑکیوں سے ایک ہی طرح کی گفتگو شروع کیا کرتے تھے۔
نوجوان لڑکیاں
Getty Images

ڈاریا گوسا 16 سال کی تھیں اور ابھی سکول میں ہی پڑھتی تھیں، جب بقول ان کے، انھیں انڈریو ٹیٹ کی جانب سے ایک نجی پیغام آیا۔ ہائی پروفائل انفلوئنسر اینڈریو ان سے 20 سال بڑے تھے۔

ڈاریا نے مجھے بتایا کہ ’اس پر صرف ’رومانیائی لڑکی‘ لکھا تھا اور انھوں نے اس کے ساتھ کچھ فلرٹ والی ایموجیز بھی ڈالی تھیں۔ میں الجھن میں تھا کیونکہ میرے (صرف) 200 فالوورز تھے، اور یہ ایک نجی اکاؤنٹ تھا۔‘ 

وہ ان دو ٹین ایجرز میں سے ایک ہیں جنھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ کس طرح اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن نے بظاہر ایک سٹینڈرڈ فارمولہ استعمال کرتے ہوئے ان سے آن لائن رابطہ کیا تھا۔ 

’یہ واضح تھا کہ ہم ہائی سکول کی لڑکیاں تھیں۔ ہماری بایو اور ہر چیز میں ہمارا ہائی سکول تھا۔ میرے خیال میں وہ صرف ان لڑکیوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے جو میری رائے میں، زیادہ سے زیادہ معصوم یا نادان تھیں۔‘ 

انھوں نے ہمیں پیغام کا سکرین شاٹ دکھایا، جس کا انھوں نے کبھی جواب نہیں دیا تھا۔ لیکن وہ کہتی ہیں کہ ان کے کچھ دوستوں نے ایسا کیا تھا۔

ٹیٹ برادران
Reuters

 ڈاریا، جو اب یو کے کی یونیورسٹی میں پڑھ رہی ہیں، رومانیہ کے ایک ممتاز سیاست دان کی بیٹی ہیں اور جب دوسروں نے آن ریکارڈ بات کرنے سے انکار کیا تو انھوں نے بات کرنے کی حامی بھر لی۔

ٹیٹ برادران اس وقت رومانیہ میں 30 دن کی حراست میں ہیں جبکہ پولیس ان پر لگائے گئے ریپ اور سمگلنگ کے الزامات کی تحقیقات کرتی ہے، جس سے دونوں بھائی انکار کرتے ہیں۔

آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اینڈریو ٹیٹ دوسروں کو ہدایت دیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر خواتین سے کیسے رجوع کیا جائے۔

وہ ریکارڈنگ میں کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ ’میرے تجربے میں، جو چیز تجسس کو بڑھاتی ہے (اور) انھیں جواب دینے کی ترغیب دیتی ہے (وہ ہے کہ) ۔۔۔ میں پوچھتا ہوں کہ وہ کہاں ہیں۔‘

’بعض اوقات تجسس (پیدا کرنے) کے لیے، میں آخر میں ایک مکمل طور پر بے معنی ایموجی لگا دیتا ہوں: کچھ چیری، یا ایک مالٹا، یا سٹرابیری۔‘

ڈاریا کہتی ہیں کہ جب سے انھوں نے اپنے تجربات شیئر کیے ہیں اس وقت سے بہت سے نوجوانوں نے ان پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا ہے۔

انھوں نے مجھے بتایا کہ ’یہاں تک کہ وہ لوگ جن کو میں ہائی سکول سے جانتی تھی وہ مجھے یہ کہہ کر جھوٹا کہہ رہے ہیں کہ مجھے (صرف) ایک بار اینڈریو ٹیٹ کا پیغام ملا تھا۔ لیکن (انھیں) دوسرے تمام الزامات کے بارے میں کچھ عجیب نہیں لگتا ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ان کی عمر کے بہت سے مرد 36 سالہ اینڈریو ٹیٹ کو پسند کرتے ہیں۔

انھوں نے مجھے کہا کہ ’یہ ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ ہم 20 سالوں میں 20 لاکھ اینڈریو ٹیٹس کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔‘

اپنے آن لائن کورسز کی تشہیر کرتے ہوئے اینڈریو ٹیٹ کہتے ہیں: ’میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ویب کیم سٹوڈیو چلا رہا ہوں۔۔۔ اس وقت میرے 50 سے زیادہ ملازمین درحقیقت میری گرل فرینڈ تھے اور میری سبھی گرل فرینڈز میں سے کوئی بھی مجھ سے ملنے سے پہلے کسی ایڈلٹ اینٹرٹینمنٹ صنعت میں نہیں تھی۔‘

وہ اپنے کام کے متعلق بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ’کسی لڑکی سے ملنا، چند ڈیٹس پر جانا، اس کے ساتھ سونا۔۔۔ اسے اپنے پیار میں مبتلا کرنا، جہاں وہ کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہو گی جو میں کہوں گا۔‘ اس کے بعد بھی وہ اپنی تشہیر جاری رکھتے ہیں ’اور پھر اسے وین کیم پر لے جاؤں گا تاکہ ہم ایک ساتھ امیر بن سکیں۔‘

وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کبھی بھی 25 سال سے زیادہ عمر کی کسی عورت کو ڈیٹ نہیں کریں گے۔

گیبریلا (ان کا اصل نام نہیں) 17 سال کی تھی جب ان سے اینڈریو ٹیٹ کے بھائی ٹریسٹن نے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا۔ اگرچہ انھوں نے بعد میں ظاہر کیا تھا کہ وہ 19 سال کی ہیں۔

انھوں نے ہمیں کہا کہ ہم ان کی شناخت چھپانے کے لیے انھیں گیبریلا لکھیں۔

انھوں نے مجھے ان کے شروع کا پہلا پیغام دکھایا، جس میں لکھا تھا کہ ’تم بہت خوبصورت ہو۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں جانتی تھی کہ وہ دوسری لڑکیوں کے ساتھ بھی یہی طریقہ استعمال کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ ایک ہی لائن کے ساتھ گفتگو کا آغاز کرتے کہ آپ خوبصورت ہیں۔‘

گیبریلا
BBC
بی بی سی نے گیبریلا کا اصل نام نہیں ظاہر کیا ہے

 وہ پہلے کہہ چکے ہیں کہ وہ کبھی بھی 25 سال سے زیادہ عمر کی کسی عورت کو ڈیٹ نہیں کریں گے۔

گیبریلا نے کہا کہ ان کے ایک دوست کو ٹرسٹن ٹیٹ کی طرف سے بالکل اسی طرح کا ابتدائی پیغام موصول ہوا تھا۔

اپنی آن لائن ویڈیو میں اینڈریو ٹیٹ کہتے ہیں کہ ’تم خوبصورت ہو‘ کا جملہ ایک آغاز کے طور پر برا نہیں ہے، اور اس کے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ گفتگو شروع کرنے کی ’ایک بہترین مثال‘ ہے۔

اس بات کا پتہ چلانے کے بعد کہ وہ خاتون کہاں سے ہیں، ٹیٹ مردوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ کہیں: ’میں آپ کو کبھی دیکھتا کیوں نہیں؟ آپ کہاں چھپی ہوئی ہیں؟‘

وہ ریکارڈنگ میں کہتے ہیں کہ ’ان میں سے 99 فیصد کہتی ہیں کہ (وہ) چھپ نہیں رہی ہیں۔‘

گیبریلا کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا تھا۔

ٹرسٹن ٹیٹ کے ساتھ ان کی گفتگو کے سکرین شاٹس ظاہر کرتے ہیں کہ ان کا اگلا پیغام بالکل ویسا ہی ہے جیسا کہ اینڈریو بتاتے ہیں: ’محسوس کریں کہ میں نے پہلے آپ کو شہر میں کہیں دیکھا ہے۔ کیا یہ ممکن ہے؟ آپ کہاں چھپے ہوئی تھیں؟‘

گیبریلا جواب دیتی ہیں کہ ’ایسا ہو سکتا ہے۔ میں نہیں چھپی تھی۔‘

گیبریلا کہتی ہیں کہ اس نے انھیں اپنی کار میں اور ایک پارٹی پر مدعو کیا، لیکن انھوں نے انکار کر دیا۔

ان کی اس بات چیت کے سکرین شاٹس سے پتہ چلتا ہے کہ انھوں نے سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں ایک ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد بات چیت اچانک ختم کردی۔

ان کے آخری پیغامات میں سے ایک میں لکھا ہے کہ ’اہم لوگ اگر آپ کو اس طرح کی حرکتیں کرتا دیکھیں تو وہ کبھی بھی آپ کو لکھنا نہیں چاہیں گے۔ صرف ایک دوستانہ انتباہ۔‘

ٹیٹ برادران نے 16 یا 17 سال کی لڑکیوں سے آن لائن رابطہ کرنے یا انہیں باہر بلانے میں کوئی غیر قانونی بات نہیں کی ہے۔

لیکن ان نوجوان خواتین کی گواہی، اور آن لائن اینڈریو ٹیٹ کے پیغامات، سے ایسا لگتا ہے کہ رابطہ شروع کرنے سے پہلے ایک منصوبہ بند طریقہ استعمال کیا جاتا تھا۔

بی بی سی نے وہ سکرین شاٹس دیکھے ہیں جو ان خواتین کے دعووں کی تائید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پیغامات ایسے ہینڈلز سے بھیجے گئے دکھائی دیتے ہیں جن کے یوزر نیم اینڈریو اور ٹرسٹن ٹیٹ ایپلی کیشن پر پابندی لگانے سے پہلے استعمال کرتے تھے۔

تاہم، بی بی سی آزادانہ طور پر ان کی صداقت کی تصدیق نہ کر سکی ہے، یا یہ ثابت کر سکی کہ آیا یہ پیغامات اینڈریو اور ٹریسٹن ٹیٹ نے خود بھیجے تھے یا ان کے لیے کام کرنے والے کسی دوسرے فرد نے۔

بی بی سی نے یہ الزامات اپنے وکیل کے ذریعے ٹیٹ برادران کے سامنے رکھے، اور ان سے جواب طلب کیا۔

اینڈریو ٹیٹ کے حراست میں ہونے کے باوجود ان کے اکاؤنٹ پر سوشل میڈیا اپ ڈیٹس ہو رہے ہیں۔

جمعرات کو انھوں نے لکھا کہ پانچ افراد کو حراست میں ان سے ملنے کا اختیار دیا گیا ہے، جن میں ایک 22 سالہ امریکی انفلوئنسر ایڈن راس بھی شامل ہیں، جن کے لاکھوں فولوورز ہیں اور انھوں نے کہا ہے کہ وہ جمعرات کو رومانیہ جا رہے ہیں۔

ٹیٹ برادران کے خلاف ابھی تک کوئی الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ ان کی 30 دن کی نظر بندی کی مدت صرف ایک ہفتے میں ختم ہونے والی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.