’دفتری سسٹم 10 منٹ میں بند ہو جائے گا، براہ مہربانی گھر جاؤ!‘

کمپنی کا کہنا ہے کہ اپنے ملازمین کو وقت پر چھٹی کی ترغیب دینے کا مقصد ملازمت اور گھروالوں کے لیے وقف وقت میں توازن پیدا کرنا ہے۔

اِکیس سالہ تنوی کھنڈیلوال حال ہی میں اس وقت حیران رہ گئیں جب ان کے آفس کمپیوٹر کی سکرین پر ایک رنگا رنگ وارننگ دکھائی دی۔

لکھا تھا: ’آپ کی شفٹ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ دفتری سسٹم 10 منٹ میں بند ہو جائے گا۔ براہ مہربانی گھر جاؤ!‘

چند روز قبل ہی کمپنی کے ہیومن ریسورس ڈویژن میں شامل ہونے والی کھنڈیلوال کو جلد ہی پتہ چل گیا کہ سکرین پر ابھرنے والا پیغام ان کے نئے کمپنی نے انسٹال کیا ہے تاکہ وہ وقت پر کمپیوٹر سے لاگ آف کرسکیں۔

وہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں واقع ایک انڈین ٹیک سٹارٹ اپ سوفٹ گرِڈ کمپیوٹرز کے 40 ملازمین میں شامل ہیں، جنھیں اپنی شفٹ ختم ہونے سے 10 منٹ پہلے روزانہ کمپیوٹر سے لاگ آف کرنے کا نوٹیفیکیشن ملتا ہے۔ شام 7 بجے ان کے کمپیوٹر خود بخود بند ہو جاتے ہیں۔

سافٹ گرڈ کی سی ای او اور شریک بانی شویتا شکلا کا کہنا ہے کہ یہ نوٹیفیکیشن کمپنی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد ملازمین کو بہتر کام اور زندگی کے توازن سے لطف اندوز ہونے میں مدد دینا ہے۔

وہ کہتی ہیں ’کووڈ 19 کی وبا نے ہمارے کام کے دنوں میں توازن ختم کر دیا اور ہم سبھی نے دیر تک کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ مجھے اپنے بچے کے لیے وقت نکالنے میں مشکل ہو رہی تھی۔‘

فرم میں ان کے شراکت داروں کو بھی ایسے ہی چیلنجوں کا سامنا تھا۔

لہذا انھوں نے اپنے ایک ساتھی کو ایسا سوفٹ ویئر بنانے کے لیے کہا جو پہلے سکرین پر انتباہ فلیش کرے گا، اور پھر 10 منٹ کے بعد کمپیوٹر کو بند کردے گا۔

یہ سوفٹ ویئر تقریباً چھ ماہ پہلے تمام ملازمین کے کمپیوٹرز میں انسٹال کیا گیا تھا۔

شویتا شکلا نے بتایا کہ ’ہم نے یہ ہفتے کے آخر میں کیا کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ یہ ایک سرپرائز ہو۔ جب یہ اچانک پہلی بار سکرین پر آیا تو بہت سے ملازمین نے سوچا کہ یہ ایک مذاق ہے، یا کسی نے ان کے کمپیوٹر کو ہیک کر لیا ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ انھوں نے پاپ اپ (سکرین پر خود سے ابھرنے والا پیغام) کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ یہ ’بورنگ میمو یا ای میل‘ سے زیادہ دلچسپ تھا۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ پیغام دفتر چھوڑنے اور گھر جانے کے لیے ایک آسان یاد دہانی ہے۔

کھنڈیلوال کہتی ہیں کہ یہ سابقہ کام کی جگہوں پر ان کے تجربے سے کافی مختلف ہے، جہاں جلدی چھٹی کرنے پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا جاتا تھا اور ملازمین کو اضافی گھنٹے کام کرنے کی ترغیب دی جاتی تھی۔

انھوں نے تقریباً ایک ہفتہ قبل لِنکڈ اِن پر پاپ اپ معتارف کروائے جانے کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی ’اس قسم کے کلچر میں کام کر رہا ہے تو آپ کو اپنے موڈ کو بہتر بنانے کے لیے کسی ترغیب یا تفریح کی ضرورت نہیں ہے۔‘

یہ پوسٹ جلد ہی وائرل ہو گئی، جس پر چار لاکھ سے زیادہ لائکس اور سات ہزار تبصرے ہوئے۔

بہت سے صارفین نے اس اقدام کی تعریف کی ہے، لیکن کچھ نے اس کے عملی ہونے پر سوال بھی اٹھایا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’اس سے ڈیڈ لائن کو جلد پورا (وقت پر کام ختم) کرنے کے لیے دباؤ پیدا ہوگا۔‘

ایک اور نے کہا کہ ’کام کرنے کی غیر لچکدار اخلاقیات‘ لوگوں کو اختتام ہفتہ پر کام کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ دوسروں نے پوچھا کہ اگر کوئی اپنا کام ادھورا نہیں چھوڑ سکتا تو کیا ہوگا۔

شویتا شکلا کا کہنا ہے کہ ’وہ آسانی سے سسٹم کو دوبارہ شروع کر سکتے ہیں اور لاگ اِن کر سکتے ہیں۔‘

وہ کہتی ہیں کہ اس پیغام پر عمل ضروری نہیں ہے اور اس کا مقصد صرف ان کے ساتھیوں کو یاد دلانا ہے کہ کام کا وقت ختم ہو گیا ہے اور وہ دفتر سے جا سکتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’ہمارے بعض صارفین اس سے خوش نہیں ہیں، لیکن ہم اس پر قائم ہیں۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.