اداکارہ شیری شاہ کی شادی کا انکشاف اور فلم ‘منی بیک گارنٹی‘ کا انتظار

image
رمضان المبارک میں مختلف اہم شخصیات عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب جاتی ہیں جن میں ہر شعبے سے وابستہ لوگ ہوتے ہیں۔ رواں برس بھی کئی شوبز شخصیات نے عمرہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اداکارہ صبا فیصل، صدف کنول، شہروز سبزواری، ثانیہ مرزا، یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر، کنول آفتاب اور اداکارہ میرا سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے رمضان میں عمرہ ادا کیا۔

جہاں مداحوں نے اہم شخصیات اور فنکاروں کے اس نیک عمل پسند کیا وہیں اداکارہ میرا پر تنقید کے نشتر بھی چلائے جنہوں نے مدینہ منورہ میں ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

تنقید کے سلسلے نے زور پکڑا تو اداکارہ نے ویڈیو اپنے انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کر دی لیکن جو چیز سوشل میڈیا پر ایک بار آجائے وہ بھلا کہاں چھپ سکتی ہے اور معاملہ اگر مذہب سے جڑا ہو ناقدین کسی کو نہیں بخشتے جیسا کہ گزشتہ دنوں معروف ہالی وڈ گلوکار جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ کا رمضان سے متعلق بیان سامنے آیا تو نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر اور بالی وڈ اداکارہ گوہر خان نے بھی امریکی گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسی لیے بعض فنکار سوشل میڈیا پر نجی زندگی کو شیئر اور چند موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے بہت محتاط رہتے ہیں جس کی مثال حال ہی میں اداکار شمعون عباسی کی پوسٹ سے ملتی ہے۔

رواں ہفتے سوشل میڈیا پر اداکارہ شیری شاہ نے شمعون عباسی کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ وہ ان کے شوہر ہیں جس پر انڈسٹری کے لوگوں سمیت مداح بھی یہ خبر سُن کر حیران رہ گئے تھے۔

بعد ازاں شمعون عباسی نے اہلیہ شیری شاہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ میری اور شیری شاہ کی شادی 4 سال قبل ہوئی تھی مگر سوشل میڈیا کے زہریلے پن کی وجہ سے کبھی یہ خبر شیئر نہیں کی۔‘

گلوکار جسٹس بیبر کے رمضان سے متعلق بیان پر اُن کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اداکار کی اس پوسٹ سے یہ اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے چند لائکس اور تھوڑی سی واہ واہ کے لیے کی گئی پوسٹیں کسی کی ذہنی اذیت کا سامان بھی بن سکتی ہیں اور اس بات کی تائید اداکارہ اُشنا بھی کرتی نظر آئیں۔

اداکارہ اُشنا شاہ نے رمضان کے مہینہ اپنے دل کو صاف کرتے ہوئے نہ صرف ساتھی فنکار فیروز خان سے گلہ ختم کیا وہیں یہ بھی عہد کیا کہ وہ آئندہ کبھی کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی جس میں کسی کو اس قدر ہراساں کیا جائے۔

اداکارہ نے ایک بار پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی مثال بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم سب میں سے جس جس نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کو ان کی زندگی میں یہ جانتے ہوئے کہ وہ تکلیف میں ہیں، انہیں معاف نہیں کیا تو اِن کا خون اُن کے سر ہے، میں اس احساس جرم کو ختم تو نہیں کر سکتی لیکن اس سے سیکھ ضرور سکتی ہوں۔‘

پاکستانی ڈراموں کا بخاراس ہفتے کئی پاکستانی ڈراموں کا اختتام ہوا جن میں سے ایک مرحومہ عصمہ نبیل کا لکھا ڈرامہ ’پنجرہ‘ بھی تھا۔ اس ڈرامے میں معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی عمدہ کردار ادا کیا۔

ڈرامے کا اختتام دیکھنے والوں کو خوب پسند آیا۔ ایک طرف جہاں ڈرامہ پنجرہ نے شائقین کے دل جیتے وہیں ڈرامہ ’میری شہزادی‘ کی آخری قسط نے شائقین کو مایوس کر دیا۔

اس ڈرامے کے شائقین اس وقت بہت پُرجوش ہوئے جب ڈرامے میں فرحان سعید کی انٹری ہوئی کیونکہ ڈرامے میں پہلے سے ہی عروہ حسین مرکزی کردار کر رہی تھیں۔

رواں سال ایم بی سی بالی وڈ پر تین پاکستانی ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)

دوسری جانب ڈرامہ ’تنکے کا سہارا‘ بھی اپنے اختتام کو پہنچا تاہم ڈرامے کا اختتام اچھے موڑ پر کیا گیا جسے ڈرامہ شائقین نے خوب پسند کیا۔ اس میں ڈرامہ ’ایسی ہے تنہائی‘ کی جوڑی یعنی سمیع خان اور سونیا حسین جبکہ ڈرامے میں رباب ہاشم بھی موجود تھیں، رباب اور سمیع خان اس سے پہلے ڈرامہ ’دھانی‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

جو بھی زمانہ ہو پاکستانی ڈراموں نے ہمشیہ دیکھنے والوں پر اپنا اثر ضرور چھوڑا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ نہ صرف انڈیا بلکہ عرب ممالک میں بھی پاکستان ڈراموں کو پسند کیا جاتا ہے۔

اس سال بھی ایم بی سی بالی وڈ پر تین پاکستانی ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں، جن میں ’پریم گلی‘، ’عشق ہے‘ اور ’پہلی سی محبت‘ شامل ہیں۔

ایم بی سی بالی ووڈ عربی ناظرین کے لیے مشہور پاکستانی اور بھارتی ڈرامے عربی ڈبنگ میں نشر کرتا ہے، یہ مشرق وسطیٰ کا ایک ٹیلی ویژن چینل ہے جو کہ ہر سال رمضان کے دوران پاکستانی ڈراموں کو نشر کرتا ہے۔

عید پر ریلیز ہونے فلموں میں فیصل قریشی کی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا سب سے زیادہ انتظار کیا ہے لیکن ایسے میں یہ شکایت سامنے آئی کہ فلم کی درست طریقے سے پروموشن نہیں کی جا رہی۔

اس حوالے سے ہدایتکار فیصل قریشی اور فواد خان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جسے دیکھ کر ایسا لگ رہا کہ فلم کی پروموشن میں فواد خان دیگر فلموں کی طرح زیادہ انٹرویوز دیتے نظر نہیں آئیں گے۔

امریکا کے ٹیک آئیکون اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی زندگی پر ڈاکومینٹری ریلیز کے لیے تیار ہے ابتدا میں یہ بتایا گیا تھا کہ یہ فلم 24 اپریل کو ریلیز کیا جائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.