حکومت نے 9 مئی کوچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد توڑپھوڑ اور جلاؤگھیراؤ میں ملوث ملزمان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف دفعہ 212 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق 9 اور 10 مئی کو پرُتشدد واقعات میں ملوث ملزمان سمیت ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔یہ فیصلہ ملزمان کی عدم گرفتاری کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کرپشن کے کیس میں گرفتاری کے بعد پورے ملک میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے واقعات دیکھنے میں آئے تھے۔
پرتشدد احتجاج کے دوران بعض شرپسندوں نے نجی و سرکاری املاک کے علاوہ عسکری تنصیبات اور املاک کو بھی شدید نقصان پہنچایا تھا جس کے بعد ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک بھر میں شرپسندوں کیخلاف مقدمات درج کرکے اب تک ہزاروں ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ اب بھی کئی لوگوں کی تلاش جاری ہے جس کی وجہ سے حکومت نے ملزمان کو پناہ دینے والوں کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملزمان کو کوئی پناہ نہ دے اور مطلوب افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔