تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد پاکستان چھوڑ کر جانے لگے ۔۔ ایک سال میں کتنے افراد ملک چھوڑ کر جا چکے؟

image

پاکستان میں مہنگائی، بیروزگاری اور عدم استحکام کی وجہ سے لاکھوں شہری ملک چھوڑ گئے، مختلف شعبوں کے ماہرین بھی ملکی حالات سے مایوس ہوکر بیرون ممالک میں جابسے۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق روزگار کے حصول کے لئے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر تک 7 لاکھ 65 ہزار نوجوان حصول روزگار کے لئے پاکستان چھوڑ کر جا چکے تھے جبکہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مزید ہزاروں پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں ڈاکٹر، انجینئر، آئی ٹی ماہرین، اکاؤنٹنٹس، ایسوسی ایٹ انجینئر، اساتذہ، نرسز شامل ہیں، 92 ہزار سے زائد اعلی تعلیم یافتہ افراد بھی دیارغیر جا بسے۔

ماہرین اقتصادیات کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت بہتر مواقع کی تلاش میں افراد اور خاندانوں کی امیگریشن کے کچھ فوائد بھی ہیں لیکن اچانک بڑی تعداد میں اعلی تعلیم یافتہ لوگوں کا ملکی حالات کی وجہ سے بیرونِ ملک جانا پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کو مزید گھمبیر کر سکتا ہے۔

اس حوالے سے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہنرمند لوگوں کی امیگریشن کی دو بڑی وجوہات ہیں۔کورونا کے بعد دنیا میں ورک فورس کی کمی کی وجہ سے ترقی پزیر ممالک سے لوگ مغربی اور ایشیا ئی امیر ممالک کا رخ کر رہے ہیں جہاں ملازمے کے مواقع موجود ہیں۔

غور طلب بات یہ ہے کہ کیا لوگ صرف بہتر ذریعہ معاش کے لیے ملک سے باہر جارہے ہیں یا اس کی اور بھی وجوہات ہیں، اگر لوگ سیاسی وجوہ کی بناد پر ملک چھوڑ رہے ہیں تویہ بہت تشویش ناک ہے۔

ان کے خیال میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں کےانخلا کے پیچھے بہت سے اندرونی اور بیرونی عوامل کارفرما ہو سکتے ہیں جن میں سیاسی عدم استحکام، ڈیفالٹ کے خدشات، روپے کی قیمت میں کمی، ملازمتوں کے مواقع اور بیرون ممالک میں جاب مارکیٹ کی دستیابی شامل ہیں۔

ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ لوگ نہ صرف معاشی مشکلات کی وجہ سے ملک چھوڑ رہے ہیں بلکہ انہیں لگتا ہےکہ بہت سے لوگ ایک بڑی سیاسی پارٹی یعنی پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن سے بد دل ہوکر بھی بھاگ رہے ہیں اور شاید مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے یا تعلیم یافتہ لوگ کبھی بھی پاکستان نہ لوٹیں۔

ورلڈ بینک کی جانب سے خدمات انجام دینے والے طارق حسین کا کہنا ہے کہ ملک کے دگرگوں حالات میں تعلیم یافتہ اور جدید شعبوں میں مہارت رکھنے والے لوگوں کا ملک چھوڑنا پاکستان کے لیے بہت بڑی قیمت چکانے کے برابر ہوگا۔

ڈاکٹر طارق حسین کہتے ہیں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی اتنی کم شرح ہوتے ہوئے اگر لوگ ملک چھوڑ کر چلے جائیں تو اس کا معیشت کی بحالی پر بہت گہرا اثر ہوگا۔


About the Author:

Arooj Bhatti is a versatile content creator with a passion for storytelling and a talent for capturing the human experience. With a several years of experience in news media, he has a strong foundation in visual storytelling, audio production, and written content.

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.