امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ میں تصور بھی نہیں کر سکتی تھی کہ عافیہ امریکا میں اتنے برے حال میں ہوگی۔
امریکا میں عافیہ صدیقی سے ملاقات کے بعد کراچی واپس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے بتایا کہ عافیہ کے ساتھ دوبارہ ملاقات جولائی میں ہوگی۔
عافیہ صدیقی سے پہلے بھی ملاقات ہو سکتی تھی لیکن اس حکومت نے کرائی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ تصور بھی نہیں کر سکتی تھی کہ عافیہ صدیقی اتنے برے حال میں ہے، اگرکوشش کریں تو ڈاکٹر عافیہ کی واپسی بہت آسان ہے۔
یاد رہے کہ امریکا میں قید عافیہ صدیقی سے ان کی ہمشیرہ فوزیہ صدیقی نے چند روز قبل دو بار ملاقات کی۔ اس موقع پر فوزیہ صدیقی نے عافیہ کو ان کے بچوں کے بارے میں بھی بتایا۔
ڈاکٹر فوزیہ کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر کوشش کی جائے تو عافیہ صدیقی کی رہائی ممکن ہے تاہم پاکستان اور امریکا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے یا حوالگی کا کوئی معاہدے نہ ہونے کی وجہ سے عافیہ کی پاکستان واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔