جہیز کی وجہ سے والدین کیلئے اپنی بیٹیوں کی شادی کرنا انتہائی مشکل ہوچکا ہے، غریب اور متوسط گھرانوں کے پاس جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں بیٹیوں کے سروں میں چاندی اتر چکی ہے تاہم پاکستان کے ایک چھوٹے سے گاؤں نے جہیز پر پابندی عائد کرکے پورے ملک کیلئے مثال قائم کردی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کے گاؤں انظر میرہ میں مقامی جرگے نے شادیوں میں رکاوٹ بننے والی رسم جہیز پر پابندی لگا دی ہے۔جرگے کا کہنا ہے کہ اس کی ضرورت تو کافی عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی مگر ان رسومات کے خلاف قدم اٹھانا مشکل تھا۔
جرگے کے مطابق گاؤں کے علما نے اس حوالے سے کردار ادا کیا اور گاؤں کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا جس کے بعد سب نے اس پر اتفاق کیا کہ ان رسومات سے لوگ تنگ آچکے ہیں لہٰذا اس رسم کو ختم کیا جائے۔
انظر میرہ میں جہیز پر پابندی کے فیصلے کا اثر دیگر علاقوں پر بھی ہو رہا ہے۔ قریبی گاؤں سے لوگ رابطے کر رہے ہیں کہ یونین کونسل کی سطح پر مشترکہ طور پر معاملات پر بحث کی جائے تاکہ یہ اصلاحات پورے علاقے تک پھیل جائیں۔