پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج رات سے کمی کا امکان ہے، 16 جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردو بدل متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج رات سے پیٹرول قیمت میں تقریباً 2 روپےفی لیٹرکمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے اضافے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 262 روپے ہے جبکہ ایک لیٹر ڈیزل 253 روپے کا ہے۔ گذشتہ ایک سال میں تیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں۔
پاکستان نے چند ہفتے پہلے روس سے خام تیل کی درآمد کا پہلا آرڈر دیا جو اتوار کو پاکستان پہنچ گیا تھا تاہم ماہرین اور روسی خام تیل درآمد کرنے والی ریفائنری کے حکام کے مطابق فوری طور پر قیمتوں میں کمی کرنا ممکن نہیں ہے۔
ریفائنری کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ پہلا کارگو ’ٹرائل کارگو‘ ہے۔ ’اس خام تیل کو ریفائن کر کے پہلے یہ معلوم کیا جائے گا کہ اس سے پیٹرولیم مصنوعات یعنی ڈیزل، پیٹرول اور فرنس آئل کی کتنی پیداوار ہو گی۔‘
ملک میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی اس وقت ہو گی جب روس سے خام تیل کی درآمد مستقل بنیادوں پر طویل مدت کے لیے ہو گی اور ساری ریفائنریوں میں یہ خام تیل آرہا ہو۔