پاکستان میں پانچ ہزار کے نوٹ کے بعد اب 10 ہزار کے کرنسی نوٹ کے اجراء کے حوالے سے خبریں زیر گردش، سوشل میڈیا صارفین نے 10 ہزار کا نوٹ بھی ڈھونڈ نکالا۔
سوشل میڈیا پر 10 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کی زیر گردش تصویر کے حوالے سے صارفین کا دعویٰ ہے کہ اسٹیٹ بینک اب 10 ہزار روپے مالیت کا نیا کرنسی نوٹ جاری کرنے والا ہے۔
10 ہزار روپے کا نیا کرنسی نوٹ جاری ہونے کی افواہیں 2018 میں بھی منظر عام پر آئی تھیں۔کرنسی نوٹ کی اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین نے پاکستانی معیشت کی زبوں حالی اور روپے کی گرتی ہوئی قدر کے حوالے سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔
حقیقت میں یہ نوٹ جعلی ہے اور اسٹیٹ بینک کا 10 ہزار کا نوٹ جاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔اس نوٹ پر گورنر اسٹیٹ بینک کا نام یاسین انور درج ہے جو 19 اکتوبر 2011 سے 31 جنوری 2014 تک اسٹیٹ بینک کے گورنر رہے جبکہ اسٹیٹ بینک کے موجودہ گورنر جمیل احمد ہیں۔
اس حوالے سے جب اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ 10 ہزار روپے مالیت کا کوئی نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا جارہا، عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اس طرح کی خبروں کی تصدیق کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو وزٹ کریں۔