پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والا دور ہمارا ہے اور اقتدار میں آکر مہنگائی کو ختم کرنا پہلی ترجیح ہے۔
دبئی میں نواز شریف سے مسلم لیگ یواے ای کے وفد نے ملاقات کی، نوازشریف نے مسلم لیگ امارات کی قیادت اور پاکستانی برادری کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برادری کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان کی معیشت کا اہم جزو ہے۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آنے والا دور (ن) لیگ کا ہے اور لیگی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا اور اب بھی پاکستانی معیشت کو بھنور سے نکالے گی۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر پاکستان سے مہنگائی ختم کردیں گے اور ن لیگ کی آنے والی حکومت مسائل پر جلد قابو پالے گی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کئی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے دوست ممالک کی قیادت سے بھی رابطے کئے ہیں۔