’ہندو مسلم بیٹھ کے کھائیں تھالی میں،‘ انڈیا میں قتل ہونے والے مولانا سعد کی ویڈیو وائرل

image
انڈیا کے درالحکومت نئی دہلی کے نواح میں واقع علاقے گروگرام میں مسجد پر انتہا پسند ہندو تنظیموں کے حملے میں ہلاک ہونے والے نائب امام مولانا سعد ہندو مسلم اتحاد کے حامی تھے۔

منگل کو گروگرام کے سیکٹر 57 میں فسادات کے دوران مسلح افراد نے انجمن جامع مسجد کو آگ لگا دی تھی اور اس حملے میں 22 سالہ نائب امام مولانا سعد بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاک ہونے والے مولانا سعد کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایسا کلام پڑھ رہے ہیں جس میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی بات کر رہے ہیں۔

اس کلام میں یہ الفاظ بھی موجود ہیں کہ ’ہندو مسلم بیٹھ کے کھائیں تھالی میں، ایسا ہندوستان بنا دے یا اللہ۔‘

ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان جھڑپوں کا آغاز پیر کو ہریانہ کے ضلع نوح میں ایک ہندو قوم پرست گروپ کے جلوس کے دوران ہوا تھا جس کے بعد تناؤ کی یہ صورت حال دارالحکومت نئی دہلی سے 30 کلومیٹر دور گروگرام تک پھیل گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد کو نذرِآتش کرنے اور مسجد کے نائب امام کو قتل کرنے کے الزام میں  کچھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مولانا سعد کا تعلق انڈین ریاست بہار سے تھا اور ان کے بھائی انور کے مطابق وہ گذشتہ چھ ماہ سے مسجد میں نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

انور کا مزید کہنا تھا کہ ’سعد مسجد میں ہی رہا کرتے تھے‘ اور جس دن ان کا قتل ہوا اس سے اگلے دن انہیں اپنے آبائی گاؤں اپنے اہل خانہ کے پاس جانا تھا۔

ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ ’مولانا سعد نے مجھے بتایا کہ وہ صبح کی نماز ادا کرنے کے بعد ٹرین سے اپنے گاؤں آجائیں گے۔‘


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts