چکن، بیف اور مٹن کا باربی کیو تو آپ نے سنا ہی نہیں بلکہ کھایا بھی ہوگا لیکن چین میں لوگوں نے پتھر کا باربی کیو بناتے بناتے اب برف کا باربی کیو بھی بنانا شروع کردیا ہے۔
گرمیوں میں راحت پہنچانے والی برف ہاتھوں میں لیتے ہی پگھلنا شروع ہوجاتی ہے لیکن چینی لوگ جب کچھ کرنے کی ٹھان لیتے ہیں تو وہ اس کو انجام دیکر ہی چھوڑتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل چین میں پتھروں کے باربی کیو بنانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جبکہ اب چین میں برف کو مسالے لگاکر سیخوں میں پروکر باربی کیو بنانے کی ویڈیوز سامنے آرہی ہیں۔
چین میں ان دنوں برف کا باربی کیو اسٹریٹ فوڈ کے طور پر مقبول ہورہا ہے اور جیانگ شی صوبے کے نانچانگ میں اسٹریٹ فوڈ اسٹال پر برف کو گِرل پر پکانے کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
چین میں اس نئی اور منفرد ڈش کو پذیرائی مل رہی ہے اور چینی شہری اس سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
مختصر ویڈیو میں بڑے آئس کیوبز کو کھلی گرل پر چٹنیوں اور مسالحوں کے ساتھ پکاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بظاہر یہ گرمی کے دنوں میں مقبول اسنیک کے طور پر کھایا جاتا ہے۔