فلپائن سے آنے والے 43 سالہ خاتون کراچی میں واقع جامعہ بنوریہ عالمیہ میں اسلام قبول کرکے دائرہ اسلام میں داخل ہوگئی، ڈوئی ڈورہ لیرہ کیلئے زینب نام تجویز کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق فلپائن سے تعلق رکھنے والی عیسائی خاتون ڈوئی ڈورہ لیرہ نے جامعہ آکر اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم نے خاتون کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا اور اس کیلئے اسلامی نام زینب تجویز کرکے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم کا کہنا تھا کہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جوشروع سے اپنی حقیقی شکل وصورت میں برقرارہے اورزندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کی رہنمائی کرتاہے،اسلام نے عورت کو جو عزت و احترام دیا ہے وہ دیگر مذاہب میں نظر نہیں آتا۔
اسلام قبول کرنے والے خاتون زینب نے کہا کہ اسلام کا دل سے مطالعہ کرنے والا اسلام سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا،میری خوش قسمتی ہے میں یہاں جامعہ بنوریہ عالمیہ میں آکر اسلام میں داخل ہورہی ہوں۔
واضح رہے کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں اس سے پہلے بھی لاتعداد غیر مسلم کلمہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم اور دیگر رہنماؤں نے زینب کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔