بھارت کے مشہور ریئلیٹی شو بگ باس کناڈا 10 میں ٹائیگرکے ناخن کا لاکٹ پہننے والے شخص کو شوکے دوران گرفتارکرلیا گیا۔
بھارتی ریاست کناڈا کے ریئلیٹی شو بگ باس کناڈا 10 میں شریک بزنس مین ورتھور سنتھوش نے شو میں سونے کی چین میں ٹائیگر کے اصلی ناخن کا لاکٹ پہنا ہوا تھا۔
اس حوالے سے کناڈا کے ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ رویندر کمار نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے شکایت درج کروانے پر محکمہ فاریسٹ کے حکام کی جانب سے کارروائی کی گئی۔
ورلڈ وائڈ فنڈ کے اعدادوشمار کے مطابق ٹائیگر کی نسل خطرے سے دوچار ہے اور پچھلی صدی کے دوران عالمی سطح پر جنگلی شیروں کی آبادی میں تقریباً 95 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ بھارت میں جانوروں کے کسی بھی اعضا کی نمائش کرنا جرم ہے اور اس پر تین سے سات سال کی سزا ہوسکتی ہے۔
محکمہ کی ٹیم تحقیقات کرنے ریئلیٹی شو میں پہنچی اور شو کی انتظامیہ سے ورتھور سنتھوش کے پاس موجود لاکٹ اور چین حوالے کرنے کا کہا جس پر انتظامیہ نے ان کے ساتھ تعاون کیا۔
ناخن کا فرانزک کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ ٹائیگر کے اصلی ناخن ہے جس پر ورتھور سنتھوش کو درمیان شو سے گرفتار کرلیا گیا۔ دوران تفتیش ورتھور سنتھوش نے بتایا کہ یہ لاکٹ اس کا خاندانی ہے اور نسل در نسل چلا آرہا ہے تاہم ملزم کیخلاف مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔