آسٹریلیا میں سمندر میں ونڈ سرفنگ کرتے شخص پر وہیل مچھلی آگری، حیرت انگیز مناظر کیمرے میں قید ہوگئے، شہری کے موت کے منہ سے واپس آنے کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
آسٹریلیا کے 55 سالہ جیسن برین سڈنی کے ایک ساحل پر وہیل سے ٹکرائے، مونا ویلے نامی ساحل پر ونڈ سرفنگ کرتے ہوئے ایک ہمپ بیک وہیل پانی سے اچھل کر جیسن برین کے اوپر آگری۔
وہیل سے ٹکرا کر جیسن پانی کی گہرائی میں 20 سے 30 فٹ نیچے چلے گئے، وہیل کے اس ٹکراؤ کی ویڈیو ان کے گو پرو کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔وہیل کے نیچے دبنے کے بعد باہر نکلتے ہوئے انہیں احساس ہوا کہ وہ زیادہ عمر کی وہیل نہیں تھی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ جیسن برین کہتے ہیں کہ میں ابھی ایک وہیل سے ٹکرایا ہوں۔انہوں نے بتایا کہ مجھے چند سیکنڈ کے لیے لگا تھا کہ میں مرنے والا ہوں۔ جیسن برین کے مطابق وہ خوش قسمت ہیں کہ وہیل زیادہ عمر کی نہیں تھی، اگر وہ بالغ وہیل ہوتی تو ان کا بچنا ممکن نہیں تھا۔
جیسن برین کا کہنا تھا کہ دوستوں کو لگا کہ شائد میں خود سے کوئی کہانی بنا کر سنا رہا ہوں، اس وقت مجھے خیال آیا کہ کیمرے میں یہ واقعہ ریکارڈ ہو گیا ہے۔ اس واقعے کو ساحل پر موجود ایک شخص نے بھی دیکھا جو اس وقت اپنے فون سے سمندر کی ویڈیو بنا رہا تھا۔