"جب میں اپنے سسرال والوں کے ساتھ گزارا کررہی تھی تب میرا شوہر اپنی پہلی شادی مجھ سے چھپا رہا تھا، جب میں اس کا گھر سجا رہی تھی وہ مجھے صرف دھوکہ دے رہا تھا، یہاں تک کہ وہ اپنی پہلی بیوی کے گھر کے بل کے پیسے بھی مجھ سے اینٹھتا رہا اور مجھے احساس ہی نہیں ہوا. یہ میری کہانی ہے اور میں نہیں چاہتی کہ دوبارہ کسی لڑکی کے ساتھ ایسا ہو"
یہ کہنا ہے بھارت سے تعلق رکھنے والی ویدیشا کا جن کی اپنے دھوکے باز شوہر سے 2016 میں ایک شادی میں ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد وہ آسٹریلیا چلی گئیں اور رابطے ختم ہوگئے. 2 سال بعد ویدیشا واپس آئیں تو ان کی ملاقات دوبارہ اپنے شوہر سے ہوئی جس کا کہنا تھا کہ وہ انھیں پسند کرتا ہے اور شادی کرنا چاہتا ہے. لڑکا مستقل طور پر امریکہ کا شہری تھا. ویدیشا کہتی ہیں کہ اس پر بھروسہ کر کے میں اسے پیسے دیتی رہی کیونکہ وہ کہتا تھا کہ اس کی نوکری چھوٹ گئی ہے.
لیکن اچانک اس نے سارے رابطے ختم کردیئے. معلومات کروانے پر پتا چلا کہ وہ غیر قانونی طریقے سے امریکی شہری ہے اور اس کی پہلے سے ایک بیوی ہے جبکہ وہ دیگر کئی لڑکیوں کو شادی کا جھانسا دے کر ان سے پیسے بٹور چکا ہے.
ویدیشا کہتی ہیں کہ میری ڈگری یا بہترین جاب کس کام کے جب میں ایک شاطر شخص کی مکاری نہ پہچان سکی. وہ کہتی ہیں کہ میرے ساتھ جو بھی ہوا مگر کوئی بھی لڑکی بغیر معلومات کیے لڑکے سے شادی نہ کرے.