شادی کے موقع پر ہر ملک اور مذہب میں الگ الگ رسومات کا تصور پایا جاتا ہے، کئی ممالک میں تو ایسی عجیب و غریب رسومات ہوتی ہیں جنہیں دیکھ کر اکثر لوگ خوفزدہ ہوجاتے ہیں جبکہ کئی بار ایسی رسومات سے بھی واسطہ پڑتا ہے جو لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیتی ہیں۔
ان دنوں چین کے صوبے جیانگ شو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جہاں سیکڑوں دیہاتیوں نے اپنی دلہن کو لینے کیلئے آنے والے دلہا کی گاڑی روک دی اور رخصتی سے پہلے عجیب و غریب مطالبے کیے جس پر دلہا پریشان کھڑا رہا۔
یہ واقعہ تائی زو گاؤں میں پیش آیا ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ گاڑی کو گھیر لیتے ہیں اور دلہا سے پیسے اور سگریٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔دلہا کی گاڑی کو روکنے والے ہجوم میں بنیادی طور پر بزرگ افراد شامل تھے۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ یہ یہاں کی روایت کا ایک حصہ ہے جس کے تحت دلہا کے دلہن کو لینے آتا ہے تو اس کو خاندان کو گاؤں کے بوڑھے افراد کی فرمائشیں پوری کرنی ہوتی ہیں جس میں چینی یا سگریٹ سے لے کر پیسوں سے بھرے لال لفافے پیش کرنے تک شامل ہیں۔
دلہا ایسے مطالبے پورے کرنے میں ناکام رہتا ہے تو دلہا کو اپنی دلہن سے ملنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا ولہن تک رسائی تک سے مکمل طور پر انکار کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ چین کے مختلف علاقوں میں بھی الگ الگ رسومات اور رواج ہیں جس میں کئی بار دلہے کے ساتھ ساتھ دلہن کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تائی زو گاؤں میں دلہن سے ملنے کیلئے اکثر دلہے سگریٹ یا پیسے کے مطالبے کیلئے پہلے سے تیار ہوتے ہیں اور بزرگوں کی فرمائش پوری کرکے فوری دلہن کے پاس پہنچ جاتے ہیں۔