مکہ مکرمہ ۔23دسمبر (اے پی پی):مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ الزیتونی نے کہا ہے کہ پبلک مقامات پر کبوتروں کو دانہ ڈالنا خلاف ورزی ہے، سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پبلک مقامات پر کبوتروں کو دانہ ڈالنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ فٹ پاتھ، پارک یا کسی بھی پبلک مقام پر کبوتروں کو دانہ ڈالنے سے گندگی پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے برابر ہے اور فٹ پاتھ بھی عوامی املاک میں شامل ہے۔انہوں نے کہاہے کہ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ بھی دوگنا ہوجائے گا۔