ٹوکیو۔2جنوری (اے پی پی):جاپان میں 7.6 شدت کے زلزلے کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔شنہوا نے منگل کو مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ وسطی جاپان اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شدید زلزلوں کے ایک سلسلے کے بعد اشیکاوا پریفیکچر میں عمارتیں گرنے اور آگ لگنے سے 30افراد ہلاک ہو گئے۔زلزلے کے باعث درجنوں عمارتیں تباہ ہوگئیں، سڑکوں پر گہری دراڑیں اور رہائشی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی، 36 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔
مشہور سیاحتی مقام وجیما مارننگ مارکیٹ کے ارد گرد بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی جس نے تقریباً 200 عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ شہر میں عمارتیں گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے، جن کے ملبے تلے 14 افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے ۔ نیگاتا، تویاما، فوکوئی اور گیفو پریفیکچرز میں عمارتوں کا ملبہ گرنے سے لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے دستے زلزلے سے متاثر ہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔