ریا ض ۔3جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے ریاض کے قصر عرقہ میں برادر اور دوست ممالک میں تعینات کیے جانے والے6نئے سعودی سفیروں نے حلف اٹھایا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سپین میں خاتون سعودی سفیر امیرہ ھیفا بنت عبدالعزیز بن عیاف آل مقرن نے حلف اٹھایا۔ جاپان کے لیے سفیر ڈاکٹر غازی بن فیصل بن زاقر، ہنگری کےلیے سفیر ماجد بن عبدالعزیز العبدان، ماریشش کے لیے فایز بن مشل التمیاط، یوگنڈا کے لیےمحمد بن خلیل فالودہ اور بلغاریہ کےلیے سفیر رامی بن سعود العتیبی نے نئی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔نئے سفیروں نے حلف اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دین، اپنے بادشاہ اور وطن کے ساتھ مخلص رہیں گے۔ ریاست کا کوئی راز فاش نہیں کریں گے۔ ریاستی مفادات اور قوانین کا اندرون اور بیرون ملک تحفظ اور اپنا فرض سچائی، ایماندار اور اخلاص سے انجام دیں گے۔تقریب حلف برداری میں نائب وزیر خارجہ انجینیر ولید بن عبدالکریم الخریجی اور خادم حرمین شریفین کے معاون پرائیویٹ سیکریٹری تمیم بن عبدالعزیز السالم بھی موجود تھے۔