ریاض۔18جنوری (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ غزہ پراسرائیلی حملے بند کرانے کی کوشش اور اسرائیلی بمباری سے متاثرہ فلسطینیوں کے مصائب کم کرنے کے لیے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے ریاض میں اسلامی عرب سربراہ کانفرنس منعقد کر کے اسرائیلی جارحیت بند کرانے، غزہ کی ناکہ بندی ختم کرانے اور غزہ متاثرین کے لیے فوری انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت کے حوالے سے قراردادیں منظور کرائی ہیں۔ سعودی عرب غزہ پٹی میں نقل مکانی کرنے والوں کے مصائب کا بوجھ کم کرنے کے لیے کھانے پینے کی اشیا، ادویات اور خیمے طیاروں اور بحری جہازوں کے ذریعے مسلسل بھجوا رہا ہے۔
غزہ کی 85 فیصد آبادی نقل مکانی پر مجبور ہے۔ اونروا کی رپورٹ کے مطابق تقریبا 20 لاکھ فلسطینی بے گھر ہو گئے۔ سعودی عرب فلسطینی حکومت کے تعاون سے انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے قانونی اور سیاسی اقدامات کر رہا ہے۔ عوامی امدادی مہم کے تحت اب تک 617 ملین ریال سے زیادہ جمع ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی متاثرین کے لئے عطیات دینے والوں کی تعداد15لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔سعودی عرب 38 طیاروں اور 5 بحری جہازوں کے ذریعے امدادی سامان اور 20 ایمبولینسیں بھی بھجوائی گئی ہیں۔بحری اور فضائی راستوں سے بھیجے جانے والے امدادی سامان کا مجموعی وزن 5112 ٹن تک پہنچ چکا ہے۔ شاہ سلمان مرکز نے غزہ متاثرین کی مدد کے لیے 150 ملین ریال کی لاگت سے عالمی ادارہ صحت، ریڈکراس، اونروا اور عالمی ادارہ خوراک کے ساتھ مشترکہ تعاون کے چار معاہدے کیے ہیں۔