چین کے صدر شی جن پنگ کا روسی ہم منصب سے رابطہ، اسرائیل کے ایران پر حملوں کی شدید مذمت

image

چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، اس دوران دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ایران پر حملوں کی مذمت کی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اور متحارب فریقین، بالخصوص اسرائیل سے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

چین کے خبر رساں ادارے ’شہنوا‘ کے مطابق شی جن پنگ نے ولادیمیر پیوٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے، اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو ماحول کو ’ٹھنڈا‘ کرنے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں، بات چیت اور مذاکرات ہی مسائل کے حل کا بنیادی راستہ ہیں۔

صدر شی جن پنگ نے متحارب فریقین پر زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کی سختی سے پابندی کریں اور معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانے سے مکمل گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایران-اسرائیل کشیدگی کے دوران شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے، متحارب فریقین، خاص طور پر اسرائیل، فوری طور پر جنگ بندی کرے۔

چینی صدر نے کہا کہ جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے، اور طاقت کا استعمال بین الاقوامی تنازعات کے حل کا درست طریقہ نہیں۔

روسی صدر نے بھی قیام امن کے لیے چین کے مؤقف کو سراہتے ہوئے اسرائیل اور ایران کے درمیان امن کی کوششوں کی حمایت کی۔

دوسری جانب ’دی ٹیلیگراف‘ کے مطابق روس صدارتی محل کریملن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں ولادیمیر پیوٹن اور شی جن پنگ نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

کریملن کے ایک معاون نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ’اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کی جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی دیگر دفعات کی خلاف ورزی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسرائیلی اور مغربی خدشات کا حل فوجی طریقے سے ممکن نہیں، اور صرف سفارت کاری کے ذریعے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے پیوٹن کو یہ بھی بتایا کہ وہ ایران کے حوالے سے روس کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.