اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام )نے کہا ہے کہ حوثیوں نے تین دنوں میں تجارتی بحری جہاز وں پر تیسرا حملہ کیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق سینٹ کام نے حملے کی جگہ کی وضاحت نہیں کی لیکن کہا کہ یمنی گروپ نے یونان سے چلنے والے امریکی ٹینکر کیم رینجر پر دو اینٹی شپ بیلسٹک میزائل داغے۔
عملے کے مطابق انہوں نے میزائلوں کی وجہ سے جہاز کے قریب پانی میں حرکت دیکھی تاہم ان سے جہاز کو کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی نہ ہی کوئی شخص ہلاک یا زخمی ہوا۔ سینٹ کام کی طرف سے جاری ٹویٹ کے مطابق حملے کے بعد جہاز نے اپنا سفر جاری رکھا ۔ امر یکا اور برطانیہ کے حملوں کے باوجود حوثیوں نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر اپنے حملے جاری رکھنے کے عزائم کا اظہار کیا ہے۔