واشنگٹن ۔19جنوری (اے پی پی):امریکا میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنتِ بندر نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو ایک خودمختار ریاست کی ضرورت ہے۔عاجل نیوز کے مطابق شہزادی ریما بنتِ بندر نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں ’’سعودی عرب مزید پائیدار معیشت کی جانب کوشاں‘‘ کے موضوع پر خطاب کر رہی تھیں۔مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر شہزادی ریما بنتِ بندر کا کہنا تھا کہ غزہ کی جنگ میں 30 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کے بارے میں بھی بات کرنی چاہیے جو وہاں انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ان بچوں بارے بھی بات کر نے کی ضرورت ہے جو اپنے اعضا سے محروم ہوچکے ہیں اور ان لوگوں بارے بات کرنے کی بھی ضرورت ہے جو گرجا گھروں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ فلسطینی انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، وہاں ضروریاتِ زندگی کا فُقدان ہے، سڑکوں پر سیوریج کا پانی بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔شہزادی ریما بنت بندر نے غزہ کی صورت حال کے حوالے سے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل کوئی پیچیدہ معاملہ نہیں ہے اور مملکت نے شاہ فہد کے دور سے ہی اس مسئلے کے حل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قحط اور مسلسل بمباری کے ماحول میں ان کے ملک کے لئے امن عمل کی قیادت ممکن نہیں۔