پٹرول پر سعودی معیشت کا انحصار 35 فیصد رہ گیا ہے ، وزیر خزانہ محمد الجدعان

image

ڈیوس۔19جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ پٹرول پر ملکی معیشت کا انحصار 35 فیصد رہ گیا۔ اخبار 24 کے مطابق ڈیوس کے ورلڈ اکنامک فورم میں سعودی وزیرخزانہ نے خصوصی مباحثے کے دوران کہا کہ قومی خزانہ کم سے کم خسارے اور زیادہ سے زیادہ موثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تیل پر قومی معیشت کا انحصار پہلے 70 فیصد تک تھا اب صرف 35 فیصد رہ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تیل کے علاوہ قومی پیداوار میں 65 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، اسی لیے اقتصادی جھٹکوں کے باوجود سعودی معیشت کے حوالے سے ہماری توقعات مثبت ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی معیشت جھٹکوں کا مقابلہ کرنے اور ان سے نمٹنے کے لیے لچکدار اور اقتصادی اصلاحات جاری رکھنے کے حوالے سے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو طاقتور سعودی عرب کی ضرورت ہے اور ہم یہ ہدف حاصل کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اگر طاقتور نہیں ہو گا تو مطلوبہ شکل میں خطے کی مدد نہیں کر سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی و سیاسی خطرات اور موسمیاتی تبدیلی معیشت پر اثر انداز ہورہی ہے، تاہم وہ بین الاقوامی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے اقتصادی وسائل میں تنوع پیدا کرنے کی واضح پالیسی پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ہم نے یومیہ تقریبا 11 ملین بیرل تیل نکالا اور اس کے نرخوں میں 17 فیصد کمی کی، یہ ہمارے لچکدار رویے اور صلاحیت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے گزشتہ 7برسوں کے دوران روزگار کے بہت سارے مواقع پیدا کیے، 2023کے دوران 8 لاکھ سے زیادہ خواتین و حضرات کو روزگار فراہم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی شرکت سے معیشت پھل پھول رہی ہے، لیبر مارکیٹ میں خواتین کا حصہ تقریبا 36 فیصد ہو گیا ہے جو سعودی وژن کے مقرر کردہ ہدف سے زیادہ ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.