ڈیوس۔19جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوئس شہر ڈیوس میں آسٹریا کے ہم منصب الیگزینڈر چالنبرگ سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات کے استحکام کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ ایس پی اے کے مطابق فریقین نے سعودی عرب اور آسٹریا کے تعلقات کو مستحکم بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا، علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
فیصل بن فرحان نے نائجیریا کے ہم منصب یوسف مایتاما توجار سے بھی ڈیوس میں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار و مستحکم بنانے کی تدابیر کا جائزہ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں میں سوئٹزرلینڈ میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر عادل مرداد اور مشیر وزیر خارجہ محمد الیحٰی بھی موجود تھے۔ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیجیٹل کوآپریٹو آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحٰی سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل تبدیلی سے متعلق مسائل، ٹیکنالوجی سے وسیع تر استفادے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نیز اختراع کے شعبوں میں صلاحیت سازی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔