ریاض ۔30جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب 44 فیصد جبکہ افرادی قوت میں ان کا حصہ 78 فیصد تک پہنچ گیا ۔
یہ بات سعودی عرب کے وزیر برائے افرادی قوت و سماجی بہبود انجینئر احمد الراجحی نے نوجوانوں کے حوالے سے ترقیاتی حکمت عملی کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے حوالے سے ترقیاتی حکمت عملی کے اجرا کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں اپنی امنگیں پوری کرنے میں مدد دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کی اعلی قیادت چاہتی ہے کہ نوجوان سعودی وژن 2030 کے مطابق مملکت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔نوجوانوں کی ترقیاتی حکمت عملی 30 سے زیادہ سرکاری اور نجی اداروں کے تعاون و شراکت سے تیار کی گئی ہےانہوں نے کہا کہ ’نوجوانوں کی ترقیاتی حکمت عملی پانچ بنیادوں پر قائم ہے۔ اس کا وژن یہ ہے کہ نوجوان قومی سرمایہ ہیں۔ حکمت عملی کے ذریعے دس سٹریٹجک اہداف حاصل کئے جائیں گے ان میں سے ایک ترقی کے عمل میں نوجوانوں کا کردار بڑھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکمت عملی کے تحت 20 انشی ایٹوز اور 40 منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔