شاہد آفریدی ٹی 20 ورلڈ کپ کے نئے سفیر بن گئے: ’سریش رائنا نے لالا کے سوئے ہوئے فینز کو جگا دیا‘

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے یادگار لمحات کا حصہ رہے ہیں۔ انھوں نے 2007 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کو فائنل تک پہنچانے اور 2009 میں پاکستان فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آفریدی، سورش رائنا
Getty Images

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سفیر بنایا ہے۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے یادگار لمحات کا حصہ رہے ہیں۔ انھوں نے 2007 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کو فائنل تک پہنچانے اور 2009 میں پاکستان فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سفیروں میں آفریدی کے علاوہ انڈین آل راؤنڈر یورراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے ’یونیورس بوس‘ کرس گیل اور دنیا کے سب سے تیز رفتار شخص یوسین بولٹ شامل ہیں۔

اس اعزاز پر آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایک ایسا ایونٹ ہے جو ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ 09 جون کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے منتظر ہیں۔ ’دونوں ٹیمیں کھیلوں کے سب سے بڑی حریفوں میں سے ہیں۔‘

انھوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز کے ذریعے ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کو فروغ دیں گے اور اپنی ٹیم کی حمایت میں پیش پیش رہیں گے۔

مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن کے لیے آئی سی سی کی جنرل مینیجر کلیئر فرلونگ نے کہا ہے کہ آفریدی دنیا بھر میں شائقین کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یورراج، کرس گیل، یوسین بولٹ اور شاہد آفریدی اب تک کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فینز کی دلچسپی بڑھائیں گے۔

آفریدی، سورش رائنا
Getty Images

یہ بھی پڑھیے

’سوریش رائنا ہوں، شاہد آفریدی نہیں‘

پاکستان اور انڈیا کے کئی شائقین نے آفریدی کے ’سفیر‘ بننے پر خوشی ظاہر کی ہے تاہم بعض لوگوں کو یہ پیشرفت کچھ زیادہ پسند نہیں آئی۔

بعض صارفین نے اس معاملے پر سابق انڈین بلے باز سریش رائنا کا موقف جاننے کی کوشش کی۔

سریش رائنا نے ایکس پر ایک صارف کو جواب دیا کہ ’میں آئی سی سی کا سفیر نہیں لیکن 2011 کا ورلڈ کپ میرے گھر پر ہے۔

’موہالی کا میچ یاد ہے؟ امید ہے اس سے آپ کو ایسی یادیں آئیں گی جو آپ بھلا نہیں پائیں گے۔‘

یاد رہے کہ 2011 کے ورلڈ کپ میں موہالی کے میچ میں پاکستان کو انڈیا کے خلاف 29 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں رائنا نے 39 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

دراصل گذشتہ دنوں آئی پی ایل میں کمنٹری کے دوران رائنا سے پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ ریٹائرمنٹ واپس لینا چاہیں گے؟

اس پر رائنا نے جواب دیا کہ ’نہیں۔۔۔ سوریش رائنا ہوں، شاہد آفریدی نہیں۔‘ اس پر رائنا اور ساتھی کمنٹیٹر آکاش چوپڑا قہقہے لگانے لگے۔

398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے آفریدی عرف ’لالا‘ اپنے کریئر کے دوران 43 مقابلوں میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آفریدی نے 2011 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا مگر دو ہفتوں بعد اس فیصلے کو واپس لے لیا تھا تاہم انھوں نے 2017 کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

شاہد آفریدی کے دفاع میں ان کے فینز نے سریش رائنا کو جواب دیا کہ ’ہمیں ان کے ایشون کے خلاف دو چھکے یاد ہیں۔ ہمیں یہ بھی یاد ہے کہ آفریدی نے انڈیا کے خلاف 100 سے زیادہ کے سٹرائیک ریٹ سے 2286 رنز بنائے جن میں 75 چھکے اور تین سنچریاں شامل ہیں۔‘

ارسلان صدیق نے کہا کہ ’آپ کو شاید یاد نہیں ہوگا کہ آفریدی کے کیبنٹ میں بھی آئی سی سی ٹرافی ہے۔‘

سریش رائنا اور شاہد آفریدی کے فینز کے درمیان اس گرما گرم بحث کے دوران صارفین نے بھرپور لطف بھی حاصل کیا۔

جیسے اقرا کہتی ہیں کہ ’سریش رائنا نے شاہد آفریدی کے سوئے ہوئے فینز کو جگا دیا۔‘

دریں اثنا سیفی نامی ایک صارف نے یاد کرایا کہ آفریدی 2017 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سفیر تھے اور یہ کپ پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں اپنے نام کیا تھا۔

انھوں نے پیشگوئی کی کہ ’یعنی ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 جیت جائیں گے۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.