مذہب کے نام پر سیاست کرنے والی پارٹی بی جے پی اپنے ہی گڑھ میں کیوں ہار گئی؟

image

رام مندر کی تعمیر سے سیاست کی بلندیوں پر قدم رکھنے والی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ایودھیا کے انتخابی حلقے فیض آباد سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جہاں بی جے پی کی اکثریت میں کمی پر لوگ حیران ہیں اس سے کہیں زیادہ بی جے پی کی ایودھیا میں شکست پر حیران ہیں۔

سماج وادی پارٹی کے دلت امیدوار اودھیش پرساد کے لیے انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے سربراہ اور اترپردیش کے سابق وزیراعلٰی اکھلیش یادو نے اپنے امیدوار کا تعارف غلطی سے سابق ایم ایل اے کے طور پر کرایا تو ساتھ کھڑے اودھیش پرساد نے کہا کہ وہ تو ایم ایل اے ہیں۔

اس بات پر اکھلیش یادو نے خود کو درست کرتے ہوئے کہا کہ سابق ایم ایل اے اس لیے کہا کہ آپ اب ایم پی بننے والے ہو اور چار جون کو جب پارلیمانی انتخابات کے نتائج آئے تو واقعی اودھیش پرساد ایم پی منتخب ہو چکے تھے اور انھوں نے فیض آباد سے دو بار جیتنے والے بی جے پی ایم پی کو واضح اکثریت سے شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں جب بی جے پی نے رام مندر کا افتتاح کیا تو اسے بی جے پی کا ’ماسٹر سٹروک‘ کہا جا رہا تھا اور یہ کہا جا رہا تھا کہ اس کی وجہ سے بی جے پی کو تاریخی کامیابی مل سکتی ہے اور وہ اپنے منصوبے 400 سے زیادہ کے ہدف کو حاصل کر سکتی ہے۔

لیکن زمینی حقائق کچھ اور تھے۔ اودھیش پرساد نے انڈین میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فیض آباد اور ایودھیا کے لوگ بی جے پی کے جھوٹے دعوؤں سے خوش نہیں تھے اور انھوں نے اپنی رائے کا اظہار ووٹ کے ذریعے کیا۔

ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے 79 سال کے اودھیش پرساد نے کہا کہ ’بی جے پی ملک بھر میں جھوٹ پھیلا رہی تھی کہ ’ہم رام کو لائے ہیں‘ لیکن سچ تو یہ ہے کہ وہ رام کے نام پر غریبوں اور کسانوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرتے رہے۔‘

اودھیش پرساد نے کہا کہ لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار ووٹ کے ذریعے کیا۔ (فوٹو: فیس بک)انھوں نے کہا کہ لوگ اس بات کو سمجھ گئے اور لوگوں نے اس کا منھ توڑ جواب دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ان کے معاملے میں ذات پات کا فرق کام نہ کر سکا۔ انھوں نے کہا کہ ’للو سنگھ نے جب ووٹروں سے کہا کہ بی جے پی کو 400 نشستیں چاہییں تاکہ وہ ہندوستان کے آئین کو تبدیل کر سکیں تو یہ بات لوگوں کو پسند نہیں آئی۔ انھیں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔‘

مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی صرف ایودھیا یا فیض آباد سیٹ نہیں ہاری بلکہ بی جے پی نہ صرف فیض آباد سے ہاری بلکہ اسے ایودھیا کی نو میں سے پانچ سیٹوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس خطے میں بی جے پی نے جو دیگر چار سیٹیں ہاری ہیں ان میں سلطان پور بھی شامل ہے جہاں بی جے پی امیدوار اور مرکزی وزیر مینکا گاندھی کو ایس پی امیدوار رام بھوال نشاد نے شکست دی۔

بستی انتخابی حلقے میں ایس پی امیدوار رام پرساد چودھری نے بھی بی جے پی کے دو بار موجودہ رکن اسمبلی ہریش دویدی کو شکست دی۔ اس کے علاوہ انھیں امبیڈکر نگر اور شراوستی میں بھی شکست کا سامنا رہا۔

کون ہیں اودھیش پرساد؟

79 سال کے اودھیش پرساد نے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ انہوں نے 21 سال کی عمر میں چرن سنگھ کی بھارتیہ کرانتی دل میں شمولیت اختیار کر کے فعال سیاست میں قدم رکھا۔

1974 میں ایودھیا ضلع کے سوہاوال سے انہوں نے پہلی بار اسمبلی الیکشن لڑا لیکن وہ ناکام رہے۔ انہیں اس بات کا افسوس تاعمر رہا کہ جیل میں رہتے ہوئے ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا تو وہ ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

انڈیا میں انتخابات سات مرحلوں میں مکمل ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے پرساد جذباتی ہو گئے، اور اسے اپنی زندگی کے پچھتاوے میں سے ایک قرار دیا۔

’میرا صرف افسوس یہ ہے کہ میں اپنی ماں کو (ان کے آخری لمحات میں) نہیں دیکھ سکا۔ یہ ایمرجنسی کے دوران تھا اور میں اس وقت جیل میں تھا۔ ان کی لاش کو پانچ دن تک رکھا گیا لیکن میں ماں کے آخری درشن نہ کر سکا۔ جب میں جیل میں تھا تو میری والدہ مجھ سے ملنے آئیں۔ وہ اس وقت بہت خوش تھی۔ وہ اتنی خوش تھی کہ جب وہ گاؤں واپس آئی تو لوگوں نے پوچھا کہ کیا مجھے رہا کر دیا گیا ہے تو انہوں نے جواب دیا ’وہ ملک کے لیے جیل میں ہے۔‘

اسی طرح وہ اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت نہ کر سکے کیونکہ ان کے مطابق وہ چودھری چرن سنگھ کے ساتھ انتخابات میں مشغول تھے۔ جب سماج وادی پارٹی بنی تو اس کے نیشنل سیکریٹری بنے اور ایودھیا سے ایم پی کا انتخاب جیتنے کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ ان کی جیت نہیں بلکہ عوام کی جیت ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.