وفاقی دارالحکومت کو منشیات سے نجات دلانے اور نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے تحفظ کے لیے خصوصی ’’نشہ اب نہیں‘‘مہم

image

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت کو منشیات سے نجات دلانے اور نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے تحفظ کے لیے خصوصی “نشہ اب نہیں” مہم چلا رہی ہے۔

اس سلسلے میں اتوار کو ریسکیو 15 کے فیلڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن جہانگیر وٹو نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں وسیع کریک ڈاؤن کیا اور مہم کے دوران 85 مفروروںسمیت 448 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ٹیموں نے ملزمان کے قبضے سے 23 کلو گرام آئس، 146 کلو گرام ہیروئن، 60 کلو گرام چرس اور 2338 لیٹر شراب بھی برآمد کی۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث تھے، ان کے خلاف مختلف تھانوں میں 438 مقدمات درج ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس نے مختلف سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے اپنی آگاہی مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس شہر سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ “نشہ اب نہیں” صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس کا مقصد معاشرے سے منشیات کا خاتمہ اور منشیات فروشوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی عناصر کو نوجوانوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس منشیات کی اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع اپنے متعلقہ تھانوں، ایمرجنسی ہیلپ لائن “Pukar-15″، یا “ICT-15” ایپ کے ذریعے دے کر اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر اپنے معاشرے کو اس مکروہ کاروبارسے پاک کریں اور اپنے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.