اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کے نتیجے میں کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 6 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔
اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق اسپیکر نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس اور دیگر بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اسپیکر نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سیکیورٹی جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گئیں۔غم اور دکھ کی گھڑی میں سیکیورٹی فورسز کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں،دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے،دہشتگرد اپنی مذموم سازش میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،ملک میں دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے لڑنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں،اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔