اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے،پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے صوبائی وزیر میر عاصم کردگیلو سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور سمیت بلوچستان کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔ وفاق میں بلوچستان کی عوام آواز بنیں گے۔ بلوچستان حکومت عوام دوست پالیسیاں اپنائے۔ بلوچستان کی عوام کی امنگوں کو ترجمانی کریں گے۔ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔بلوچستان میں موجود قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ گوادر پورٹ سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے تعاون کی یقین دہانی پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔