مناسک حج کا آغاز، عازمین آج منیٰ روانہ ہوں گے

image

مکہ مکرمہ: مناسک حج کا آج سے آغاز ہو گا۔ منیٰ میں عازمین کے لیے خیمہ بستیٰ آباد کر دی گئی۔

منیٰ میں عازمین حج کے قیام کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی جدید سہولیات کے ساتھ آباد ہو چکی ہے۔

مناسک حج کے مطابق عازمین حج کو 8 ذوالحج کا دن منیٰ میں اپنے خیموں ہی میں قیام کرنا ہو گا۔ جہاں سے وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی ادائیگی کے بعد 9 ذوالحج کی نماز فجر ادا کرنے کے بعد وقوف عرفہ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ یہ عمل اگلے دن کی نماز ظہر تک مکمل ہو گا۔

عازمین حج 9 ذوالحج جمعرات کو میدان عرفات پہنچ کر نماز ظہر اور عصر اپنے خیموں ہی میں ادا کریں گے اور مغرب تک میدان عرفات میں قیام کریں گے۔ جہاں حجاج کرام اپنے رب کی بارگاہ میں خصوصی دعائیں اور عبادات کا اہتمام کریں گے۔

9 ذوالحج کو غروب آفتاب ہوتے ہی حجاج کرام نماز مغرب ادا کیے بغیر مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے۔ وہاں پہنچ کر مغرب اور عشا کی نمازیں اکٹھی ادا کریں گے۔ حجاج کرام مزدلفہ کی شب کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور وہیں سے رمی جمرات کے لیے کنکریاں چنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حج سیزن کی مصروفیات ، سعودی ولی عہد کی جی سیون کانفرنس میں شرکت سے معذرت

حجاج کرام 10 ذوالحج جمعہ کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد سورج طلوع ہونے تک دعاؤں اور مناجات کا اہتمام کریں گے جسے وقوف مزدلفہ کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد رمی جمرات کے لیے واپس منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے۔ جمرات کمپلیکس میں بڑے جمرے پر 7 کنکریاں ماریں گے۔

رمی جمرات کے بعد قربانی کا عمل ہے، جس کی تکمیل ہوتے ہی حجاج کرام سر کے بال منڈوانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔ بال منڈوانے کے بعد حجاج کا اہم کام طواف زیارت ہے۔ جس کی ادائیگی اور سعی کے چکر مکمل کرنے کے بعد حجاج واپس منیٰ پہنچیں گے۔ رات وہیں قیام ہو گا اور اگلے 2 روز یعنی 11 اور 12 ذوالحج کو زوال کے وقت کے بعد تینوں جمرات کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔

اس کے بعد حجاج 12 ذوالحج کو غروب آفتاب سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔ یا پھر 13 ذوالحج کی رمی کے بعد اپنی رہائش گاہوں کی جانب روانہ ہوں گے۔

وطن واپسی سے قبل حجاج طواف وداع کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کے لیے پوسٹ حج پروازیں 20 جون سے شروع ہوں گی۔

سعودی مکاتب نے سرکاری عازمینِ حج کی رہائش گاہوں پر منیٰ میں داخلے کے لیے نسک کارڈ، ٹرین ٹکٹ کی تقسیم مکمل کر لی ہے۔ نیز پاکستان حج مشن نے قربانی کے پیسے جمع کروانے والے عازمین کو رہائشوں پر نوٹس اور پاک حج موبائل ایپ پر نوٹیفکیشن کے ذریعے 10 ذی الحجہ کو ظہر اور عصر کے درمیان قربانی ہونے سے متعلق اطلاع دیتے ہوئے ہدایت دی کہ نماز عصر کے بعد احرام کی پابندیوں سے باہر آئیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.