رشتہ دار غمزدہ، کویت سے 45 ورکرز کی لاشیں انڈیا پہنچا دی گئیں

image

کویت میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے 45 انڈین تارکین وطن کی لاشیں ملک پہنچا دی گئی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کی صبح المنقف کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 45 انڈین شہری تھے۔

متعدد تارکین اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے غمزدہ رشتہ دار اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے منتظر ہیں۔

30 سالہ متاثرہ سِبن ابراہام کے پڑوسی انو ابی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم آخری لمحے تک پُرامید تھے کہ شاید وہ باہر نکل گیا ہو، شاید وہ ہسپتال میں ہو۔‘

انو ابی نے کہا کہ ابراہیم اگست میں اپنے بچے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے گھر واپس آنے والے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آتشزدگی سے صرف ایک گھنٹہ قبل ابراہیم اپنی اہلیہ سے فون پر بات کر رہے تھے۔ تارکین وطن کی لاشیں انڈین فضائیہ کی مدد سے پہنچائی گئیں۔

تیل کی دولت سے مالا مال کویت کی 40 لاکھ سے زیادہ آبادی تارکین وطن پر مشتمل ہے۔

ان میں سے اکثر کا تعلق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا سے ہے جو تعمیرات اور خدمات کی صنعتوں میں کام کر رہے ہیں۔ یہ تارکین وطن گنجان آباد رہائشی عمارتوں میں رہتے ہیں۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق عمارت میں تقریباً 200 لوگ رہائش پذیر تھے اور آگ کے شعلوں میں پھنس جانے کے بعد بہت سے افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔

ہلاک والوں میں تین فلپائنی تارکین وطن بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)حکام نے جمعرات کو بتایا کہ ایک کویتی اور دو غیرملکی شہریوں کو حفاظتی طریقہ کار اور قواعد و ضوابط میں غفلت برتننے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

بدھ کے روز وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف نے کہا کہ حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو بند کر دیا جائے گا۔

ہلاک والوں میں تین فلپائنی تارکین وطن بھی شامل ہیں، حکام ان کے رشتہ داروں سے رابطے میں ہیں۔

یہ کویت کی تاریخ میں آتشزدگی کا بدترین واقعہ ہے۔ اس سے قبل 2009 میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں 59 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب بظاہر انتقام لینے کے لیے ایک خاتون نے شوہر کی دوسری شادی کی تقریب میں آگ لگا دی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.