’بہتر ہو رہی ہوں،‘ برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن ملٹری پریڈ میں شرکت کریں گی

image

برطانوی ولی عہد کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کہا ہے کہ وہ کینسر کے علاج کے لیے کیموتھراپی سے بہتر ہو رہی ہیں تاہم اب بھی وہ مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوئیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے بعد شہزادی کیٹ مڈلٹن کینسر کی تشخیص کے بعد پہلی مرتبہ سنیچر کو سینٹرل لندن میں ٹروپنگ دی کلر ملٹری پریڈ میں شرکت کر رہی ہیں۔

جمعے کو شہزادی کیتھرین مڈلٹن نے جاری پیغام میں کہا کہ کینسر کے حوالے سے اعلان کے بعد انہیں دنیا بھر سے ہزاروں پیغامات موصول ہوئے جس میں لوگوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہوا تھا۔ 

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پیغامات سے ان پر اور شہزادہ ولیم پر بہت زیادہ مثبت اثر پڑا۔

کیٹ مڈلٹن کا کہنا تھا کہ ’میں بہتر ہو رہی ہوں لیکن کیموتھراپی کروانے والے کسی بھی شخص کو معلوم ہو گا کہ اس دوران کوئی دن اچھا گزرتا ہے تو کوئی برا۔‘

’برے دنوں میں آپ کو کمزوری، تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور آپ کو اپنے جسم کو آرام دینا پڑتا ہے لیکن اچھے دنوں میں جب آپ مضبوط محسوس کر رہے ہوتے ہیں، تو آپ بہتر محسوس کرنے کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا ’میں سیکھ رہی ہوں کہ کس طرح سے صبر کرنا ہے، خاص طور پر جب غیر یقینی کا سامنا ہو۔‘

شہزادی کیٹ کی صحت میں بہتری کا مطلب ہے کہ وہ گزشتہ دسمبر کے بعد پہلی مرتبہ عوام کے سامنے منظر عام پر آئیں گی۔

سنیچر کی صبح 42 سالہ کیٹ اپنے تین بچوں، شہزادہ جارج، شہزادہ لوئی اور شہزادی شارلٹ کے ساتھ شاہ چارلس کی سالگرہ کے موقع پر وسطی لندن میں منعقد ہونے والی سالانہ فوجی پریڈ ٹروپنگ دی کلر میں شرکت کریں گی۔

پریڈ میں شرکت سے قبل کیٹ مڈلٹن کی ایک نئی تصویر بھی ریلیز کی گئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)کیٹ مڈلٹن بکنگھم پیلس کی بالکونی میں کنگ چارلس، کوئین کنسورٹ کمیلا اور شاہی خاندان کے دیگر سینیئر افراد کے ساتھ نظر آئیں گی۔

شہزادی کیٹ نے کہا کہ وہ رواں برس دیگر پروگراموں میں شرکت کے لیے پرامید ہیں تاہم ان کے معاونین نے خبردار کیا ہے سنیچر کو ٹروپنگ دی کلر کی تقریب میں شرکت سے ان کی عوامی سطح پر مکمل واپسی نہیں ہو گی۔

اپنے پیغام میں شہزادی کیٹ کا کہنا تھا کہ ‘میرا علاج جاری ہے اور یہ کچھ مہینوں تک جاری رہے گا۔ میں اپنے خاندان کے ہمرا شاہ چارلس کی سالگرہ پریڈ میں شرکت کی منتظر ہوں۔‘

پیٹ کی سرجری

کیٹ مڈلٹن نے جنوری میں پیٹ کی بڑی سرجری کے بعد ہسپتال میں دو ہفتے گزارے تھے اور دو ماہ بعد ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ ٹیسٹ میں کینسر کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس کے علاج کے لیے کیموتھراپی کروائیں گی۔

ان کے دفتر کینسنگٹن پیلس نے کینسر کی قسم یا اس کے علاج کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے اور یہ صرف یہ کہا کہ کینسر سے نمٹنے کی کیموتھراپی فروری میں شروع ہوئی تھی۔

شاہ چارلس اور ولی عہد شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.