کراؤڈ سٹرائیک: دنیا کے مختلف ممالک میں 1000 سے زیادہ پروازیں، ٹرانسپورٹ کا نظام کیوں متاثر ہوا؟

جمعے کے دن دنیا کے مختلف ممالک میں ٹرانسپورٹ اور پروازوں کے نظام سمیت کئی شعبے ایک عالمی تکنیکی مسئلے کی وجہ سے متاثر ہوئے جس کی وجہ کراؤڈ سٹرائیک نامی ایک سائبر سکیورٹی کمپنی بتائی جا رہی ہے۔
پروازیں
Reuters
دنیا بھر میں ایوی ایشن معاملات پر تجزیہ کرنے والی کمپنی ’سرکم‘ کے مطابق ایک ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں

جمعے کے دن دنیا کے مختلف ممالک میں ٹرانسپورٹ اور پروازوں کے نظام سمیت کئی شعبے ایک عالمی تکنیکی مسئلے کی وجہ سے متاثر ہوئے جس کی وجہ کراؤڈ سٹرائیک نامی ایک سائبر سکیورٹی کمپنی بتائی جا رہی ہے۔

امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور انڈیا سمیت کئی ممالک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ اس تکنیکی مسئلے نے کمپیوٹر سے چلنے والے نظام کو متاثر کیا اور متعدد ایئرپورٹس سے پروازیں تعطل کا شکار ہوئیں۔

اس کے علاوہ ایسے ہسپتالوں، ٹی وی چینلز، بینک اور سٹاک مارکیٹوں کا کام بھی متاثر ہوا جن کا انحصار کمپیوٹر نظام پر ہوتا ہے۔ تاہم پاکستان میں اب تک ایسی کسی تکنیکی خرابی کے بارے میں اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اس خرابی سے سب سے زیادہ عالمی فضائی کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں۔ اب تک دنیا بھر میں ایوی ایشن معاملات پر تجزیہ کرنے والی کمپنی ’سرکم‘ کے مطابق ایک ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس تکنیکی خرابی کے اثرات بڑھیں گے اور منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔

بی بی سی سائبر نامہ نگار جو ٹائڈی کے مطابق 2017 میں ہونے والے ایک سائبر حملے کے بعد سے اتنا بڑا آئی ٹی کا مسئلہ سامنے نہیں آیا جب 150 ممالک میں تین لاکھ کمپیوٹر متاثر ہوئے تھے۔

مسئلہ ہے کیا؟

 پروازوں کی تعداد
Getty Images
خیال کیا جا رہا ہے کہ اس تکنیکی خرابی کے اثرات بڑھیں گے اور منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا

اس تکنیکی مسئلے سے متاثر ہونے والے زیادہ تر ادارے اور تنظیمیں مائیکروسافٹ کے کمپیوٹر سسٹمز سے اپنا کام کر رہی تھیں جس کی وجہ سے پہلا شبہ اسی کمپنی کی جانب گیا۔

مائیکروسافٹ 365 سروس کی جانب سے ایکس سابقہ ٹوئٹر کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ ’ایک مسئلے کی تحقیق کی جا رہی ہے جس سے صارفین کو مائیکروسافٹ 365 کی دیگر ایپس اور خدمات استعمال میں دقّت پیش آ رہی ہے۔‘

تاہم بعد میں مائیکروسافٹ کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی زیادہ تر خدمات گھنٹوں پہلے ہی بحال ہو گئی تھیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل آفس برائے سائبر سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس تکنیکی مسئلے کی اصل وجہ ایک سائبر سکیورٹی کمپنی ہے جس کا نام کراؤڈ سٹرائیک ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل آفس برائے سائبر سکیورٹی کے مطابق اس کمپنی کی جانب سے ایک ایسا اپ ڈیٹ بھیجا گیا تھا جس نے کمپیوٹر نظام میں تکنیکی خرابی کا آغاز کیا۔

اس سے قبل امیریکن ایئر لائنز نے بھی کراؤڈ سٹرائیک کے تکنیکی مسئلے کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

اب کراؤڈ سٹرائیک کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ اس فنی خرابی کی وجہ وہی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ونڈو ہوسٹس کے ایک اپ ڈیٹ میں خرابی پائی گئی جسے دور کیا جا رہا ہے۔‘

کمپنی کے مطابق ’یہ سکیورٹی کا مسئلہ نہیں اور نا ہی سائبر حملہ ہے۔‘

کراؤڈ سٹرائیک کیا ہے؟

یہ ایک سائبر سکیورٹی کمپنی ہے جس کا قیام سنہ 2011 میں ہوا تھا۔ اس کمپنی کا مقصد دنیا کی بڑی کمپنیوں اور ان کے کمپیوٹر نظام کو خطرات سے محفوظ رکھنا تھا۔

اس کمپنی کی خصوصیت سائبر سکیورٹی کے تحت اینڈ پوائنٹ تحفظ فراہم کرنا ہے کیوں کہ یہ خطرات سے لیس سافٹ ویئر یا فائلوں کو کارپوریٹ نیٹ ورک تک پہنچنے سے روکتا ہے۔

اس کمپنی کو یہ ذمہ داری بھی سونپی جاتی ہے کہ وہ صارفین، یعنی بڑی کمپنیوں کے ڈیٹا کو کلاؤڈ پر محفوظ رکھے۔

کراؤڈ سٹرائیک ٹیکساس میں جارج کرٹز اور دمتری الپرووچ نے شروع کی تھی اور ابتدا سے ہی اس کمپنی نے بظاہر سائبر حملوں کے خلاف کمپنیوں کی مدد کی ہے۔

2016 میں کراؤڈ سٹرائیک کو امریکی ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی نے طلب کیا تھا جو کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی حکمت عملی تیار کرتی ہے۔ کمیٹی نے اس کمپنی کو اپنے کمپیوٹر نیٹ ورک کے خلاف سائبر حملے کی تفتیش کا کام سونپا تھا۔

تکنیکی خرابی سے کہاں اور کون متاثر ہوا؟

اس تکنیکی مسئلے کی وجہ سے دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام، براڈکاسٹر، ہسپتال اور دیگر شعبے متاثر ہوئے ہیں۔

فضائی کمپنیوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے اور ایئر پورٹس پر تعطل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ برطانیہ اور امریکہ میں بڑے ٹی وی چینلز کی نشریات بھی متاثر ہو چکی ہیں۔

برطانیہ میں کئی ریل کمپنیوں نے بھی شکایت کی ہے کہ ان کا نظام اور شیڈول متاثر ہوا ہے۔ امریکہ کی ریاست الاسکا میں پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فون ہیلپ لائن بھی دستیاب نہیں ہے۔

پولینڈ میں بالٹک ہب ٹرمینل نے بحری جہازوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کنٹینر لانے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں چند ڈاکٹروں نے شکایت کی ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹر ریکارڈ تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.