’گرینڈپا گینگ‘، جاپان میں چوری کی وارداتوں میں ملوث تین بزرگ گرفتار

image

یہ کہانی ہالی وڈ کی ایک کامیاب تھرلر فلم کا پلاٹ ہو سکتی ہے جہاں تین آدمی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ملتے ہیں اور بعد میں ڈکیتی کرنے کے لیے ایک ٹیم بن جاتے ہیں۔

جاپان میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ تینوں افراد کی عمریں 65 برس سے زیادہ ہیں۔ بزرگوں کے اس گروپ کو ’ گرینڈ پا گینگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق بزرگوں کے اس گروپ پر شمالی جزیرے ہوکائیڈو میں چوری کی وارداتوں کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

88 برس کے ہیدیو اُمینو، 70 برس کے ہیدیمی متسودا اور 69 برس کے کینیچی ویتنیبی نے مبینہ طور پر جیل ہی میں اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے گروپ بنایا۔

رہائی کے بعد ان تینوں پر الزام ہے کہ انہوں نے غیرقانی سرگرمیوں کے لیے ان مکانات کو نشانہ بنایا جو اپنے مکینوں سے خالی تھے۔

مئی میں مبینہ طور پر ہوکائیڈو کے دارالحکومت سیپیرو میں ایک خالی مکان میں گُھس گیا تھا اور وہاں سے دو سو ین اور وسکی کی تین بوتلیں چوری کیں۔

اس واقعے کے بعد تینوں پر اگلے مہینے دوبارہ چوری کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور اس مرتبہ اسی علاقے میں ایک اور خالی رہائش گاہ سے 10 لاکھ ین مالیت کے زیورات چوری کیے۔

بزرگوں کے اس گینگ کے مبینہ جرائم کی خبر تیزی سے وائرل ہوئی ہے اور اپنے غیرمعمولی پروفائل سے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کا سب سے بڑا رکن اُمینو چوری کرتا تھا، متسودا گاڑی چلاتا تھا اور سب سے چھوٹا ویتنیبی چوری کی اشیا کی دیکھ بھال کرتا تھا۔

ان کے مبینہ جرائم کا پتہ اس وقت چلا جب دوسرے گھر کے مالک کو شک ہوا اور اس نے پولیس کو آگاہ کیا۔

جاپان کی پولیس کے مطابق حالیہ برسوں میں بزرگوں میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیو فوٹیج دیکھنے کے بعد اس گروپ کا سراغ لگایا اور یہ معلوم کیا کہ خاتون کی گمشدہ اشیا میں سے کچھ کو فروخت کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جب تینوں بزرگوں کو گرفتار کیا گیا تو ان کو پولیس نے سہارا دیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے یہ جرائم گزر بسر کے لیے کیے ہیں۔

پولیس نے کہا کہ وہ اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا یہ گروپ سیپیرو اور قریبی شہر ایبٹسو میں چوری کی دس وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔

ان کی گرفتاری کی خبر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث ہو رہی ہے۔ ایک شخص نے کہا کہ ’انہوں نے سب سے کم عمر کو سب سے آسان کام دیا۔‘

جاپان کی پولیس کے مطابق حالیہ برسوں میں بزرگوں میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

65 برس سے زائد عمر کے افراد کے جرائم کا تناسب 1989 میں دو اعشاریہ ایک  فیصد سے بڑھ کر 2019 میں 22 فیصد ہو گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.