مانچسٹر میں’پولیس تشدد‘ کا نشانہ بننے والے پاکستانی نژاد نوجوان کون تھے اور ان وائرل ویڈیوز کی حقیقت کیا ہے

پولیس کے مطابق گزشتہ رات پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کم از کم ایک پولیس اہلکار کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے جس کی ویڈیوز ائیر پورٹ پر عینی شاہدین اور متاثرین کے خاندان کی جانب سے فلمائی گئی تھیں۔
مانچسٹر ایئر پورٹ
BBC

پولیس نے آسمانی رنگ کے لباس میں ملبوس ایک نوجوان لڑکے کو دبوچ کر زمین پر لٹایا ہوا ہے جسے کے چہرے اور سر پر لاتیں ماری جا رہی ہیں جبکہ ساتھ ہی شلوار قمیض میں ملبوس ایک ادھیڑ عمر خاتون مسلسل رو رہی ہیں۔

یہ مناظر برطانیہ کے مانچسٹر ایئر پورٹ کے ہیں جس کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک جانب مقامی ایشیائی نژاد شہریوں نے غصے کا اظہار کیا تو دوسری جانب پولیس کے رویے کی مذمت بھی کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گذشتہ رات پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کم از کم ایک پولیس اہلکار کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے جس کی ویڈیوز ایئر پورٹ پر عینی شاہدین اور متاثرین کے خاندان کی جانب سے فلمائی گئی تھیں۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ جب ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو اس دوران تین افسران پر پُرتشدد حملہ کیا گیا اور انھیں گھونسے مارے گئے تاہم گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہم نے اس ویڈیو کو ’پریشان کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے پائی جانے والی تشویش کو سمجھتے ہیں۔

بی بی سی تاحال متاثرین کی شناخت کے متعلق حتمی معلومات دینے سے قاصر ہے۔

وائرل ویڈیوز میں کیا نظر آ رہا ہے؟

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوپولیس اہلکار ایک نوجوان کو ٹیزر سے نشانہ بناتے ہیں اور اس کے زمین پر گرنے کے بعد اسے لاتیں مارتے ہیں اور گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک دوسری ویڈیو میں ایک شخص پولیس والوں سے کہہ رہا ہے ’ہم نے کچھ نہیں کیا، ہم عام شہری ہیں۔‘

سرخ ٹی شرٹ میں ملبوس ایک باریش نوجوان چار سے پانچ پولیس اہلکاروں کے آگے بار بار یہ الفاظ دہرا رہا ہے جبکہ ان کے ساتھ خواتین اور بچے سامان کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔

دوسرے زاویے سے بنائی گئی ایک اور ویڈیو میں پولیس اہلکار ٹیزر سے نشانہ بنانے کے بعد نوجوان کو مارتے ہوئے گردن سے دبوچ کر گراتے ہیں اور لاتیں مارتے نظر آتے ہیں۔ اس دوران ایک خاتون کے چیـخنے کی آواز سنائی دیتی ہے کہ ’اس نے کچھ نہیں کیا۔‘

https://twitter.com/Resisting_batil/status/1816164574342558032

ان کے بالکل پیچھے دو پولیس اہلکار ایک تیسرے نوجوان کو بھی اسی طرح گرا کر مارتے ہوئے گرفتار کر رہے ہیں اور وہ خاتون چیخ رہی ہیں کہ ’اس نے کچھ نہیں کیا، آپ اس طرح گرفتار نہیں کر سکتے۔ بتائیں اس نے کیا کیا ہے؟‘

اس کے ساتھ ہی دو پولیس اہلکار آتے ہیں اور سرخ شرٹ میں ملبوس شخص کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ان کا فون چھینتے ہیں اور ان کی جیبوں سے مزید کئی فون نکالتے ہیں، اس موقع پر وہ شخص پولیس کو بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ ’ہم ابھی ابھی جہاز سے اترے ہیں اور یہ فون میرے بھائی کے ہیں۔‘

پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے پاکستانی نژاد افراد کون ہیں؟

بی بی سی کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق اس ویڈیو میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے دو بھائی ہیں جن کی والدہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے مانچسٹر پہنچی تھیں۔

دونوں بھائی والدہ کو ایئر پورٹ سے گھر لے جانے کے لیے پہنچے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ اس خاندان کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے میرپور ڈویژن کے علاقے ناڑ کوٹلی سے ہے جو اب برطانیہ کے شہر روچڈیل میں رہائش پزیر ہیں۔

برطانیہ میں اس خاندان کے وکیل اکمل یعقوب بیرسٹر نے بی بی سی کے لیے صحافی زبیر خان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے کے بعد ایک درخواست پر پولیس کے آزاد پینل نے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری درخواست ہے کہ پولیس اہلکاروں کو برطرف کرکے ان کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں، متاثرہ خاندان کو زرتلافی دیا جائے اور ان سے معافی مانگی جائے۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ ایک پولیس اہلکار معطل کیا گیا ہے۔‘

بیرسڑ اکمل یعقوب کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے لیے پولیس کو تمام ثبوت فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مانچسٹر ایئرپورٹ پر کیا ہوا تھا؟

لیڈز سے تعلق رکھنے والے ایک عینی شاہد عامر منہاس نے بی بی سی کو بتایا کہ جب وہ ایئر پورٹ پر ’آمد‘ والے حصے میں آئے تو انھوں نے یہ منظر دیکھا۔

وہ بتاتے ہیں کہ پولیس اہلکاروں نے تقریباً 20 سالہ نوجوان کے پاس آ کر اسے کہا کہ وہ ایک مطلوب شخص ہے۔ ’اس کے بعد انھیں نے اسے پکڑ کر دیوار کے ساتھ لگایا۔‘

عامر بتاتے ہیں کہ اس موقع پر ایک اور نوجوان نے پولیس کے ساتھ بحث شروع کی جس کے ساتھ ہی لڑائی ہو گئی۔ اس دوان پولیس اہلکاروں نے جس نوجوان کو دیوار کے ساتھ دبوچ رکھا تھا اس نے مکے مارنے شروع کر دیے جس پر پولیس نے اسے ٹیزر مارے اور وہ فرش پر گرا اور تبھی پولیس اہلکاروں نے اسے لاتیں مارنا شروع کر دیں۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کی جانب سے جھگڑے کی اطلاعات کے بعد منگل کو تقریباً 8 بج کر 25 منٹ پر مسلح افسران کو ایئر پورٹ پر طلب کیا گیا۔ گریٹر مانچسٹر پولیس (جی ایم پی) کے مطابق منگل کو ہوائی اڈے کے ٹرمینل ٹو میں لڑائی کے بعد ایک شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران مسلح افسران پر حملہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو اس دوران تین افسران پر پرتشدد حملہ کیا گیا اور انھیں گھونسے مارے گئے۔

’چونکہ یہ پولیس افسران مسلح تھے لہذا ان سے اسلحہ چھینے جانے کا واضح خطرہ موجود تھا۔‘

ترجمان کے مطابق تین پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے جن میں سے ایک خاتون افسر کی ناک ٹوٹی ہوئی ہے۔

پولیس نے تصدیق کی کہ دو افراد کو پولیس افسران پر حملہ کرنے، ایمرجنسی اہلکار پر حملہ کرنے، پولیس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دو دیگر افراد کو بھی ایمرجنسی ورکر کے ساتھ جھگڑنے اور حملہ کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو کو ’دیکھنا مشکل‘ ہے

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مقامی کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سینکڑوں افراد نے بدھ کی شام گریٹر مانچسٹر کے روچڈیل میں پولیس سٹیشن کے باہر احتجاج کیا ہے۔

مانچسٹر ایوننگ نیوز کے مطابق مظاہرین میں سے ایک کا کہنا تھا کہ ’اب ہم پولیس کی سفاکی مزید برداشت نہیں کریں گے۔ ہم پولیس پر بھروسہ کرتے ہیں مگر اس کے بدلے میں وہ ہم پر تشدد کرتے ہیں۔ پولیسکی وردی میں یہ دراصل غنڈے ہیں۔‘

گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہم نے بھی اس ویڈیو کو ’پریشان کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے پائی جانے والی تشویش کو سمجھتے ہیں۔

ان کے مطابق انھوں نے جی ایم پی کے ڈپٹی چیف کانسٹیبل سےاپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل بلیک پولیس ایسوسی ایشن کے صدر اینڈی جارج کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کو 'دیکھنا مشکل' ہے۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں انھوں نے لکھا: ’پولیس کا کام آسان نہیں ہے لیکن ہمیں بہترین برتاؤ کرنے کی تربیت دی جاتی ہے اور ہم سے امید بھی یہی کی جاتی ہے کہ ہم اچھا برتاؤ کریں گے۔‘

ہوم آفس کی وزیر ڈیم ڈیانا جانسن نے بھی ایکس پر پوسٹ کیا: ’میں نے آج سہ پہر مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہونے والے واقعے کی پریشان کن فوٹیج دیکھی ہے اور اس حوالے سے عوام کی تشویش کو سمجھتی ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے گریٹر مانچسٹر پولیس سے مکمل تفصیل مانگی ہے۔‘

اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل وسیم چوہدری نے جمعرات کو بی بی سی نیوز کو دیے ایک بیان میں کہا ہے کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہونے والے واقعے کے متعلق روچڈیل پولیس سٹیشن کے باہر گذشتہ رات ہونے والا احتجاج بحفاظت ختم ہو گیا۔

اس سے قبل ایک بیان میں اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل چوہدری نے کہا: ’ہمیں مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہونے والے واقعے کی وائرل ویڈیو کا علم ہے اور ہم اس حوالے سے عوام کی تشویش (جو بجا ہے) کو سمجھتے ہیں۔‘

’کسی کو گرفتار کرنے کے لیے اس طرح کی طاقت کا استعمال ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ایک مرد افسر کو آپریشنل ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے اور ہم پولیس کے ردِعمل کے حوالے سے انڈیپینڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔‘

انڈیپینڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ کا کہنا ہے کہ جی ایم پی اس واقعے کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا کہ مزید کسی کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.