لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم، ن لیگ کو مزید تین نشستیں مل گئیں

image

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ارکان کو کامیاب قرار دے دیا۔

سوموار کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں دوبارہ گنتی سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی شامل تھے۔ 

فیصلے میں سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی میں دیا گیا فیصلہ بحال کر دیا۔

سپریم کورٹ نے این اے 154، این اے 81 اور این اے 79 میں مختلف پولنگ سٹیشنز کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی اپیلیں منظور کر لیں۔ مذکورہ حلقوں میں دوبارہ گنتی کے حکم کے باعث کامیاب لیگی ارکان بحال ہو گئے ہیں۔ 

سپریم کورٹ کا فیصلہ دو ایک کی اکثریت سے آیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس نعیم اختر افغان نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں جبکہ جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ اور عزت کا مستحق ہے۔ ججز نے الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان سے متعلق غیرضروری ریمارکس دیے،  لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔‘

آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تین آزاد امیدوار این اے 154 سے رانا فراز نون، این اے 81 گوجرانوالہ سے بلال اعجاز اور این اے 79 گوجرانوالہ سے احسان اللہ ورک کامیاب امیدوار قرار پائے تھے۔

ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو، اظہر قیوم ناہرا اور ذوالفقار احمد نے دوبارہ گنتی کے لیے الیکشن سے رجوع کیا۔ دوبارہ گنتی کے بعد الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کو کامیاب قرار دیا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آزاد اراکین نے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے تحت چیلنج کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تینوں امیدواروں کو کامیاب امیدوار قرار دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ن لیگ کے اراکین نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے اکثریتی فیصلے کے ذریعے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بحال کرتے ہوئے ن لیگ کے امیدواروں کی اپیلیں منظوری کیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ن لیگ کے تینوں اراکین قومی اسمبلی کامیاب قرار پائے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.