سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا

image

سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا۔ محمد بن سلمان نے امریکی ارکان کانگریس سے کہا ہے کہ انہیں قتل کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔

محمد بن سلمان نے امریکی ارکان کانگریس سے کہا کہ انہوں نے سعودی اسرائیلی تعلقات کی بحالی اور امریکا کے ساتھ تعاون کی خاطر اپنی جان خطرے میں ڈال رکھی ہے۔

ایک موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مصر کے مقتول صدر انور سادات کا بھی حوالہ دیا جنہیں اسرائیل کے ساتھ کیمپ ڈیوڈ سمجھوتے کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی ارکان کانگریس سے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی امکانی معاہدہ میں فلسطینی ریاست کے حصول کے کسی حقیقی راستے کو بھی شامل کیا جائے خاص طور پر اب جب اسرائیل کے خلاف عربوں کا غصہ اپنے عروج پر ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال فروری میں سعودی عرب کی جانب سے امریکا کو کہا گیا تھا کہ سعودی عرب اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کا آغاز نہیں کرے گا جب تک 1967 کی سرحدوں میں آزاد فلسطینی ریاست کا قیام نہیں ہوجاتا جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔

اس سے قبل رواں سال جنوری میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا تھا کہ مسئلہ فلسطین حل ہوجائے تو سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ سعودی عرب کی اولین ترجیح غزہ میں جنگ بندی ہے، بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملوں کا تعلق غزہ جنگ سے ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.