انڈیا کے درجنوں مسافر طیاروں میں بم کی افواہیں جو پروازوں میں تاخیر اور ہنگامی لیڈنگ کا باعث بن رہی ہیں

انڈیا کی ایئر لائن وستارا کی پرواز یو کے 17 جمعے کو دلی سے لندن جا رہی تھی مگر ’بم کی افواہ‘ کے باعث اسے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
وستارا
Getty Images
وستارا کی ایک فلائٹ کو فرینکفرٹ میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی

انڈیا کی ایئر لائن وستارا کی پرواز یو کے 17 جمعے کو دلی سے لندن جا رہی تھی مگر ’بم کی افواہ‘ کے باعث اسے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔

سنیچر کی صبح وستارا نے ایکس پر پیغام میں بتایا کہ پرواز کو بحفاظت فرینکفرٹ میں لینڈ کیا گیا اور اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ سنیچر کی صبح وستارا نے بتایا کہ سکیورٹی چیک کے بعد اس کی پرواز فرینکفرٹ سے لندن کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق وستارا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ '18 اکتوبر 2024 کو دہلی سے لندن جانے والی وستارا کی فلائٹ یو کے 17 کو سوشل میڈیا پر ایک سکیورٹی تھریٹ موصول ہوا۔ پروٹوکول کے تحت تمام متعلقہ حکام کو فوری طور پر مطلع کیا گیا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر پائلٹس نے پرواز کو فرینکفرٹ کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا۔‘

متعدد انڈین مسافر طیاروں میں بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاعات کے سبب دنیا کے متعدد ایئرپورٹس پر نہ صرف دیگر پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں بلکہ متعدد جہازوں کے ہوائی روٹ بھی تبدیل کیے گئے۔

اس سے قبل بدھ کو لندن سے دلی آنے والی وستارا کی پرواز میں بم رکھے جانے کی دھمکی جھوٹی ثابت ہوئی تھی۔ اس پرواز میں تقریبا 290 مسافر سوار تھے۔

ایئر انڈیا، کینیڈا، سنگاپور
Getty Images

انڈین پروازوں میں بم کی افواہیں

دریں اثنا ایک دوسری ایئرلائنز اکاسا ایئر نے کہا کہ اس کی پرواز کیو پی 1366 جمعہ کو بنگلورو سے ممبئی کے لیے پرواز کرنے والی تھی لیکن روانگی سے کچھ دیر قبل سکیورٹی الرٹ موصول ہوا۔

اکاسا ایئر نے سوشل میڈیا پلیٹفارم ایکس پر لکھا: 'حفاظت اور حفاظتی طریقہ کار کے مطابق تمام مسافروں کو اتارنا پڑا کیونکہ مقامی حکام کو ضروری طریقہ کار پر عمل کرنا تھا۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ زمین پر موجود ہماری ٹیم نے تکلیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔'

پیٹی آئی کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں انڈین ایئر لائنز کی جانب سے چلائی جانے والی تقریباً 40 پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جو بعد میں افواہ ثابت ہوئیں۔

شہری ہوا بازی کی وزارت ایئر لائنز میں جھوٹی بم کی دھمکیوں کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اصولوں کو نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وہ اس کے لیے مجرموں کو نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔

منگل کو سنگاپور کی ایئرفورس نے اپنے دو لڑاکا طیارے ہوا میں صرف اس لیے بھیجے کے وہ ایئر انڈیا ایکسپریس کے مسافر جہاز کو آبادی والے علاقوں سے دور لے جا سکیں کیونکہ اس جہاز میں بھی بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دی گئی تھی۔

اس سے چند ہی گھنٹے قبل حفاظتی اقدام کے طور پر ایئر انڈیا کا دہلی سے شکاگو والا طیارہ ایک کینیڈین ایئرپورٹ پر اُتار لیا گیا تھا۔

انڈیا میں مسافر جہازوں میں بم کی جھوٹی اطلاع دینا کوئی غیرمعمولی بات نہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ پیر کے بعد ایسی اطلاعات میں تیزی کیوں آئی۔

بی بی سی نے انڈین حکومت کے ڈرائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن اور بیورو آف سول ایوی ایشن سیکیورٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں موصول ہوا۔

ایئر انڈیا کے علاوہ، انڈی گو، سپائس جیٹ اور اکاسا فلائٹس کو بھی مسافر جہازوں میں بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاعات دی گئی تھیں۔

پیر کو ممبئی سے سے اڑنے والی تین بین الاقوامی پروازوں کا رُخ اس وقت موڑ دیا گیا جب ایک نامعلوم ایکس اکاؤنٹ سے تخریب کاری کی دھمکی دی گئی۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران ایک کم عمر شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

منگل کو ایئر انڈیا کے دو مسافر جہازوں سمیت سات جہازوں کو ایسی ہی دھمکی ایک اور ایکس اکاؤنٹ سے دی گئی اور بعد میں یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ معطل ہوگیا۔

ایئر انڈیا، کینیڈا، سنگاپور
Getty Images

اس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ کے سکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، ان پوسٹس میں ایئرلائن اور پولیس کو ٹیگ کیا گیا تھا۔

ایئر انڈیا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ بم کی دھمکی دینے والوں کی شناخت کرنے میں حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

انڈیا کے ہر ایئرپورٹ پر ایک خصوصی کمیٹی ہوتی ہے جو ایسی دھمکیوں کی سنگینی کا اندازہ لگاتی ہے اور اس صورت میں مناسب کارروائی تجویز کرتی ہے۔

کسی بھی دھمکی کی صورت میں بم ڈسپوزل سکواڈ، سراغ رساں کتوں، ایمبولینسز، پولیس اور ڈاکٹرز کو متحرک کر دیا جاتا ہے۔

اس صورت میں جہاز سے مسافروں کو سامان سمیت اُتار دیا جاتا ہے اور ان کے سامان کی دوبارہ تلاشی لی جاتی ہے۔ انجینیئرنگ اور سکیورٹی ٹیمیں بھی جہاز کے اُڑنے سے پہلے اس کی دوبارہ جانچ کرتی ہیں۔

اس سبب ہونے والی تاخیر کے سبب جہاز کی کمپنیوں اور سکیورٹی ایجنسیوں کو اکثر ہزاروں ڈالر کا نقصان پہنچتا ہے۔

ایئر انڈیا، کینیڈا، سنگاپور
Getty Images

جب بین الاقوامی پروازوں میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی جاتی ہے تو اس سبب دیگر ممالک کی ہوائی ٹریفک میں بھی ردِوبدل کیا جاتا ہے، جیسے سنگاپور اور کینیڈا میں ہوا۔

منگل کو سنگاپور کی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ ان کے دو لڑاکا جہاز ایئر انڈیا ایکسپریس کے جہاز کو ساتھ (آبادی سے دور) لے گئے اور بعد میں وہ بخیر و عافیت چانگی ایئرپورٹ پر اُتر گیا۔ یہ جہاز انڈیا کے شہر مدورائی سے سنگاپور کی طرف گیا تھا۔

سنگاپور کے وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ’جب یہ جہاز زمین پر اُترا تو اسے ایئرپورٹ کے حوالے کردیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں۔‘

کینیڈا میں بھی انڈیا سے شکاگو جانے والی ایک پرواز کو اُتارا گیا تھا۔ کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ وہ بم کی موجودگی سے متعلق دھمکیوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ایئر انڈیا نے بدھ کو کہا کہ کینیڈین ایئر فورس کا ایک جہاز مسافروں کو شکاگو پہنچا رہا ہے۔ یہ بات واضح نہیں کہ ایئر انڈیا کے جہاز کو کینیڈا چھوڑنے کی اجازت کب دی جائے گی۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.