آئینی ترمیم کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں: خواجہ آصف

image

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنا تاکہ تمام ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں جب کہ ارکان اسمبلی کے غائب ہونے کا جعلی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ آئینی ترمیم کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ایک متفقہ مسودہ تیار ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ترمیم کی حمایت کریں، کوشش ہے کہ آج ہی آئینی ترامیم ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنا ہے، ترمیم کا مقصد ہے کہ تمام ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں، سیاسی جماعتوں کی تجاویز آئین اور قانون کے تحت آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا ’کہا جارہا ہے کہ کچھ لوگ اغوا ہوئے ہیں، بتایا جائے کوئی خاتون اغوا ہوئی ہیں یا پھر کوئی اور ہوا ہے، سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں، یہ جعلی بیانیہ بنانے والی پارٹی جو ہے یہ وہی اس قسم کے بیان یا کہانی بنارہی ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو واقعہ ہوا، اس کا انجام کیا ہوا، وہ سارا جھوٹ آپ کے سامنے آگیا، یہ جب حکومت میں تھے اور اب جب حکومت سے باہر ہیں تو جعلی بیانیہ بنانے کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں اور ٹیلی فون پر بھی دستیاب ہیں، یہ لوگ پتہ نہیں کس بات کا رونا رو رہے ہیں، ان کو نظر آرہا ہے یہ ترمیم پاس ہوجائے گی اور انہوں نے جو پناہ گاہیں بنائی ہوئی ہیں وہ ان کو میسر نہیں ہوں گی۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا ہوجائے تو زیادہ اچھا ہے، مستقبل میں اس کی افادیت زیادہ ہوگی تاہم اتفاق رائے نہ ہوا تو پھر بھی نمبرز پورے ہیں۔

قومی اسمبلی وسینیٹ اجلاس کا وقت بار بار تبدیل ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاسوں کے اوقات میں تبدیلی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ہے۔

اس سے قبل، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے صحافیوں سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ آئینی مسودہ تیار ہے، وفاقی کابینہ نے منظور کرنا ہے، کل کابینہ کا اجلاس تھوڑی دیر کے لیے ہوا تھا، کابینہ سے منظور ہو جائے تو سینیٹ میں آجائے گا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آئینی ترمیم پر کسی فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، جو آج صبح ساڑھے 9 بجے تک کے لیے ملتوی کیا گیا تھا، بعد ازاں یہ اجلاس مزید تاخیر کا شکار ہوگیا جو اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.