"شہرت اور عیاشیوں کے باوجود ایک خلا سا محسوس ہوتا تھا، جس نے آخرکار مجھے خدا کی طرف لوٹا دیا۔" زاہد احمد نے یہ دل کی بات اشنا شاہ کے شو میں کہی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، زندگی کی جدوجہد اور روحانی سفر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
زاہد احمد نے بتایا کہ انہوں نے زندگی کی ہر آسائش، شہرت اور عیش و عشرت کو آزمایا، لیکن بے سکونی نے انہیں سکون کی تلاش میں خدا کی طرف رجوع کرنے پر مجبور کیا۔ کراچی میں کیریئر کے لیے آ کر انہوں نے آزادانہ زندگی کا ہر پہلو دیکھا، مگر اس سب کے باوجود ان کی شخصیت میں ایک کمی کا احساس ہمیشہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ محض پیسہ کمانا اور زندگی کے اخراجات پورے کرنا ہی انسان کا مقصد نہیں ہو سکتا، ورنہ دل کا یہ سکون کبھی نہ چھن پاتا۔
زاہد نے مزید کہا کہ اس بے سکونی نے انہیں خدا سے عبادت اور نماز کی توفیق مانگنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 5 سے 6 سالوں سے وہ باقاعدگی سے پانچ وقت کی نماز ادا کر رہے ہیں، حتیٰ کہ شوٹنگ سیٹ پر بھی اپنے مذہبی فرائض نبھاتے ہیں۔ زاہد کا کہنا ہے کہ خدا کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے سے ان کی زندگی میں ایک سکون آ گیا ہے اور اب وہ حقیقی خوشی اور اطمینان کے ساتھ جی رہے ہیں۔