نعیم حنیف کا صبا قمر سے متعلق الزامات پر یوٹرن، معافی مانگ لی

image

معروف پاکستانی صحافی اور اینکر نعیم حنیف نے اداکارہ صبا قمر سے متعلق اپنے سابقہ بیان پر عوامی طور پر معذرت کر لی ہے۔ نعیم حنیف نومبر 2025 میں اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے صبا قمر کے ماضی سے متعلق الزامات عائد کیے تھے جنہیں اداکارہ نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھیجا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نعیم حنیف نے پوڈکاسٹ میں اعتراف کیا کہ 3 نومبر کو صبا قمر کے حوالے سے نشر کی گئی خبر حقائق کے منافی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ صبا قمر ایک ایسے گھر میں رہ رہی تھیں جو انہیں ایک قریبی شخص نے تحفے میں دیا تھا تاہم بعد میں تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ خبر غلط اور بے بنیاد تھی۔

نعیم حنیف کا کہنا تھا کہ اس غلط خبر کے باعث صبا قمر کو شدید دل آزاری کا سامنا کرنا پڑا، جس پر وہ کھلے دل سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافت میں تحقیق کے بغیر خبر دینا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور اس واقعے سے انہیں سبق ملا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نعیم حنیف کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔ کئی صارفین نے کہا کہ غلطی تسلیم کرنا حوصلے کی بات ہے جبکہ بعض نے اس واقعے کو اس بات کی یاد دہانی قرار دیا کہ خبر نشر کرنے سے پہلے مکمل تحقیق ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US