امریکی حکام نے ممبئی جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کی اپنی سرزمین پر موجودگی سے انڈین پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ممبئی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک اہم پیش رفت میں ہے۔ممبئی پولیس نے 25 سالہ انمول بشنوئی کی حوالگی کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ انڈین پولیس کو انمول بشنوئی بالی وڈ اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر شوٹنگ کے واقعے سمیت متعدد ہائی پروفائل کیسز میں مطلوب ہے۔گزشتہ ماہ ممبئی پولیس نے ایک خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں ملزم کی حوالگی کی کارروائی شروع کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی۔گزشتہ ماہ اکتوبر کے وسط میں پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ سلمان خان کے گھر پر فائرنگ اور دیگر مقدمات میں قانون کے سامنے پیش کرنے کے لیے انمول بشنوئی کو انڈیا لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایک سینیئر پولیس اہلکار نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ انمول بشنوئی کو اپنے بڑے بھائی لارنس بشنوئی کی جانب سے کئی کارروائیوں کی ہدایات جاری کی گئی تھیں اور تفتیش میں معلوم ہوا کہ وہ ان سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔لارنس بشنوئی کو ممبئی سے ریاست گجرات کی سابرمتی جیل منتقل کیا گیا تھا۔اکتوبر میں نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے انمول بشنوئی کی موجودگی کی اطلاع دینے والے کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔انمول بشنوئی کو اپریل میں اداکار سلمان خان کی ممبئی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کے ریڈار پر ہیں، اور ان کا نام بھی انسداد دہشت گردی ایجنسی کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔نام ظاہر نہ کرنے والے عہدیداروں نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ انمول بشنوئی عرف بھانو کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کینیڈا میں رہتا ہے اور امریکہ کا باقاعدہ سفر کرتا ہے۔
ممبئی پولیس نے 25 سالہ انمول بشنوئی کی حوالگی کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ممبئی کے علاقے باندرہ میں 12 اکتوبر کو مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل میں بھی مبینہ طور پر انمول بشنوئی کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔
ممبئی کی ایک عدالت نے حال ہی میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعے میں ملوث دو ملزمان میں سے ایک کو ضمانت سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ایسا انمول بشنوئی کے اکسانے پر کیا اور وہ سلمان خان کو قتل کرنے کی ’نیت‘ یا اس کی ’معلومات‘ رکھتے ہوئے کیا۔انمول بشنوئی اور لارنس بشنوئی جن کا تعلق پنجاب کے فاضلکا سے ہے، دونوں کو کیس میں مطلوب ملزمان کے طور پر دکھایا گیا ہے۔