واشنگٹن: گوگل سرچ انجن نے اپنی مقبول ترین سروس میپس میں جیمنائی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل پر مبنی فیچرز کا اضافہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ نئی اپ ڈیٹس سے صارفین اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے گھومنے کے لیے نئے مقامات کو تلاش کر سکیں گے۔ جبکہ مختلف جگہوں کے بارے میں سوالات کے جواب بھی حاصل کرسکیں گے۔
گوگل میپس میں نیوی گیشن فیچرز کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ تاکہ ڈرائیورز کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔ یہ نئے فیچرز پہلے امریکہ میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
نیوی گیشن کے لیے گوگل میپس میں ایڈ اسٹاپس نامی فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ جو کسی شہر کے اہم مقامات، تفریحی مراکز اور کھانے پینے کے مراکز کو بہترین روٹس کے ساتھ تجویز کرے گا۔
گوگل کی جانب سے ویدر الرٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ جس میں ڈرائیورز یہ رپورٹ کرسکیں گے کہ موسم کے باعث انہیں کن جگہوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔ تاکہ دیگر افراد کو مدد مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کے ایک لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بلاک کر دیئے
اگر آپ کسی دوست کے ساتھ گھومنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو اس کے لیے میپس سرچ بار میں سوالات پوچھ سکتے ہیں۔ اے آئی ماڈل جگہ اور وقت کو مدنظر رکھ کر بتائے گا کہ آپ کیا کچھ کر سکتے ہیں۔ جیمنائی کی جانب سے ان مقامات کے بارے میں سوالات کے جوابات بھی دیئے جائیں گے۔
گوگل کے مطابق یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں امریکہ میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ اور بتدریج انہیں دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔